64 ہزار بچوں کی غیر اخلاقی وڈیوز سرگودھا سے برآمد ہوئیں،جدید ٹیکنالوجی پر والدین کا چیک اینڈ بیلنس ضروری ہے ،ْ شہر یار آفریدی

ڈرگ مافیا ہماری نسلوں کو تباہ کررہاہے، اپنے بچوں پرنظر رکھیں ،ْ موجودہ دور حکومت میں کوئی بھی شخص قانون کو ہاتھ میں نہیں لے سکتا ،ْنئے پاکستان میں قانون سب کیلئے برابر ہے ،ْ تقریب سے خطاب

منگل 18 دسمبر 2018 17:45

64 ہزار بچوں کی غیر اخلاقی وڈیوز سرگودھا سے برآمد ہوئیں،جدید ٹیکنالوجی پر والدین کا چیک اینڈ بیلنس ضروری ہے ،ْ شہر یار آفریدی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) وزیرمملکت داخلہ شہریارآفریدی نے والدین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ64 ہزار بچوں کی غیر اخلاقی وڈیوز سرگودھا سے برآمد ہوئیں،جدید ٹیکنالوجی پر والدین کا چیک اینڈ بیلنس ضروری ہے ،ْڈرگ مافیا ہماری نسلوں کو تباہ کررہاہے، اپنے بچوں پرنظر رکھیں ،ْ موجودہ دور حکومت میں کوئی بھی شخص قانون کو ہاتھ میں نہیں لے سکتا ،ْنئے پاکستان میں قانون سب کیلئے برابر ہے۔

منگل کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت داخلہ شہریارآفریدی نے کہا کہ خودکش بمبار چند سو افراد کو اور مافیا منشیات کے ذریعے قوم کو ہدف بناتا ہے، صرف چرس پینے والا نہیں پکڑا جائیگا ، مافیا کو بھی قانون کی گرفت میں لائیں گے، منشیات فروشوں اور غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھیوں کو بھی پکڑیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں، جدید ٹیکنالوجی پر والدین کا چیک اینڈ بیلنس ضروری ہے، بچوں کو موبائل فون یا دیگر اشیا دینے سے پہلے جاننا ہوگا اس پر بچے کیا استعمال کر رہے ہیں، ان ڈیوائسز کے استعمال سے بچے تباہی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

سرگودھا سے بچوں کی 64 ہزار غیراخلاقی وڈیوز برآمد ہوئیں، بچوں کی عزتوں سے کھیلنے والے اگریہ سمجھتے ہیں کہ ان کے خلاف کچھ نہیں ہوگا، ایسا نہیں،غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی اور انہیں عبرت کا نشانہ بنائیں گے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ والدین کو آگاہی نہیں کہ بچے کس تباہی کے طوفان میں دھنسے ہوئے ہیں، بچوں کے اسکول بیگ میں کرسٹل آئس، منشیات و دیگر چیزیں موجود ہوتی ہیں، منشیات فروش 75 فیصد بچوں کو آئس کا شکار کیے ہوئے ہیں،طالب علموں کی ایک بڑی تعداد کرسٹل کے نشے میں مبتلا ہے، 45 فیصد بچے منشیات بالخصوص آئس کرسٹل کا استعمال کرتے ہیں ،ْاب صرف چرس پینے والا نہیں پکڑا جائے گا، مافیا کو بھی قانون کی گرفت میں لائیں گے۔

شہریارآفریدی نے کہا کہ جبری مشقت لینے والوں سے بھی نمٹنا ہوگا، پولیس اورتمام اداروں کو نوجوانوں کو اپنے ساتھ ملانا ہوگا، وزیراعظم کے حکم پر پولیس نے سخت ترین کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے۔ پاکستان کے مستقبل کیلئے اقدامات کررہے ہیں، بچے اور بچیاں مل کرپاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں گے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ موجودہ دور حکومت میں کوئی بھی شخص قانون کو ہاتھ میں نہیں لے سکتا ،ْنئے پاکستان میں قانون سب کیلئے برابر ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں