صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر بیریسٹر سلطان محمود کی ملاقات

جموں و کشمیر برصغیر کی تقسیم کانامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی جائز جدوجہد کے لئے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

منگل 18 دسمبر 2018 18:39

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر بیریسٹر سلطان محمود کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر برصغیر کی تقسیم کانامکمل ایجنڈا ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی جائز جدوجہد کے لئے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ بات سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر بیریسٹر سلطان محمود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے خلاف جاری مظالم اور وحشیانہ کارروائیوں پر گہری تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کرے ۔

صدر نے بھارتی جبر و استبدار کا جرأت و بہادری سے سامنا کرنے پر غیور کشمیری عوام کے عزم کو سراہا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے ہمسائیوں سمیت تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کاحل چاہتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا خواب ادھورا رہے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں