سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی وائرل تصویر کی حقیقت سامنے آ گئی

سوشل میڈیا پر فواد چودھری سے منسوب کی جانے والی تصویر ان کی نہیں بلکہ فوٹو شاپ کی مدد سے ایڈٹ شدہ ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 دسمبر 2018 12:36

سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی وائرل تصویر کی حقیقت سامنے آ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2018ء) : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی سوشل میڈیا پر حال ہی میں ایک تصویر وائرل ہوئی جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے وفاقی وزیر اطلاعات کا خوب تمسخر اُڑایا۔ اس تصویر کو دیکھ کر کچھ صارفین نے کہا کہ اس تصویر کو ایڈٹ کیا گیا جبکہ کچھ صارفین نے اس بات کو ماننے سے انکار کر دیا اور کہا کہ دیکھنے میں ایسا ہی معلوم ہوتا ہے جیسے یہ وفاقی وزیر کی اصل تصویر ہو۔

اس تصویر میں فواد چودھری کو قمیض کے بغیر دیکھا گیا اور تصویر میں فواد چودھری کچھ زیادہ ہی موٹے نظر آئے۔ تاہم اب خبر ایجنسی اے ایف پی نے وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کی اس وائرل تصویر کی حقیقت ڈھونڈ نکالی۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی یہ تصویر دراصل آئرلینڈ کے رہائشی ایک شہری کی ہے جسے ایڈٹ کر کے فواد چودھری کا چہرہ لگا دیا گیا ہے اور اسے فواد چودھری ہی کی تصویر بتا کر سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس تصویر کو سوشل میڈیا پر کئی اکاؤنٹس نے شئیر کیا۔ ایک فیس بُک پیج پر یہ تصویر 15 دسمبر کو پوسٹ کی گئی جسے اب تک 12 ہزار سے زیادہ مرتبہ شئیر کیا جا چکا ہے۔ اس پیج پر پوسٹ کی جانے والی اس تصویر میں کیپشن میں تحریر کیا گیا کہ ''پہلے مشرف کا مال کھایا، پھر پیپلز پارٹی کا مال کھایا اور پاکستان تحریک انصاف کا مال کھا رہا ہے۔

یہ موٹو گینگ کرپشن کے جعلی نعرے لگا کر عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے۔''

واضح رہے کہ فواد چودھری پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا حصہ ہیں اور بطور وفاقی وزیر اطلاعات اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں