پاکستان کے جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے 7 ایرانی شہری گرفتار

بدھ 19 دسمبر 2018 16:45

پاکستان کے جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے 7 ایرانی شہری گرفتار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) فیڈرل انویسٹی گیشن (ایف آئی اے ) نے پاکستان کے جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ پر سفر کرنے والے 7 ایرانیوں کو گرفتار کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ایرانی شہریوں کو تربت ایئرپورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پاکستانی پاسپورٹ پر بحرین سے واپس آئے تھے۔

ایرانی شہریوں کو تفتیش کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جس کے بعد انہیں کوئٹہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ 8 عبدالرحمٰن کے سامنے پیش کرنے کے بعد ریمانڈ پر بھیج دیا گیا اس حوالے سے یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ ایرانی شہری پاکستان کے جعلی پاسپورٹ پر 2014 سے بحرین سفر کررہے تھے۔جولائی 2018 کے درمیان بحرین پولیس نے ان ایرانی شہریوں کو ایک جرم کے الزام میں گرفتار کرکے ماناما جیل میں قید کیا تھا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے افسر نے بتایا کہ جب پاکستانی سفارت خانے کے قونصلر نے 13 ستمبر 2018 کو جیل کا دورہ کیا تھا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان پاکستانی نہیں بلکہ ایرانی تھے جس کے بعد سے پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر الرٹ جاری کردی گئی اور جب 13 دسمبر کو یہ 7 ایرانی تربت ایئرپورٹ پہنچے تو انہیں ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔ملزمان کا تعلق ایران کے صوبے سیستان-بلوچستان سے ہے اور انہوں نے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ گوادر اور تربت میں بنوائے تھے۔انہوںنے کہاکہ ایرانی شہریوں کی گرفتاری کے بعد نادرا اور پاسپورٹ کے محکمے میں بھی گرفتاریاں عمل میں آنے کے امکانات ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں