آصف زرداری نے اپنے امریکا میں واقع اپارٹمنٹ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا،

پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں آصف علی زرداری کی نااہلی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اثاثے چھپانے کے باعث آصف زرداری قومی اسمبلی کے رکن ہونے کے اہل نہیں رہے، کرپشن کی تحقیقات آزادانہ طریقے سے آگے بڑھ رہی ہیں، حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں ہے،اپوزیشن کے لوگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر رہے ہیں، نواز شریف کے خلاف ریفرنسز آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں،عوام کو بڑی خوشخبری ملے گی، برٹش ایئر ویزکا پاکستان کے لئے 10سال بعد پروازیں بحال کرنے کا اعلان حکومت کی بڑی کامیابی ہے، دیگر یورپی ممالک بھی پاکستان کے حوالے سے مثبت ٹریول ایڈوائزری جا ری کر رہے ہیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 دسمبر 2018 18:41

آصف زرداری نے اپنے امریکا میں واقع اپارٹمنٹ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے امریکا میں واقع اپنے اپارٹمنٹ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا، پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں آصف علی زرداری کی نااہلی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اثاثے چھپانے کے باعث آصف زرداری قومی اسمبلی کے رکن ہونے کے اہل نہیں رہے، کرپشن کی تحقیقات آزادانہ طریقے سے آگے بڑھ رہی ہیں، حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج بھی درپیش نہیں ہے،اپوزیشن کے لوگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر رہے ہیں یہ اب آپس میں نہیں مل سکتے، پی ٹی آئی نے 5 سال خیبر پختونخوا میںکرپشن فری حکومت کی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت رحم پر مبنی پالیسیز بنا رہی ہے جو ریاست مدینہ کی اساس تھی، گزشتہ روز بھارتی شہری حامد انصاری کو پاکستان کی جانب سے رحم کی بنیاد پر چھوڑا گیا، نواز شریف کے خلاف ریفرنسز آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، عوام کو بڑی خوشخبری ملے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے امریکا میں اپارٹمنٹ کا انکشاف ہوا ہے جس کا نمبر 1483 ایس کے او 1099 ہے۔انہوں نے اپنا یہ اپارٹمنٹ الیکشن کمیشن کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا۔ آئین کے آرٹیکل 62اور63 کے تحت آصف زرداری پر ذمہ داری عائد ہوتی تھی کہ وہ اپنے تمام اثاثے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کرتے۔

ہو سکتا ہے کہ آصف زرداری اس کے علاوہ بھی اپارٹمنٹس کے مالک ہوں جو انہوں نے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کیے ہوں ۔ خرم شیر زمان الیکشن کمیشن میں اثاثے چھپانے کے حوالے سے ریفرنس آصف زرداری کے خلاف دائر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری اپنے آخری انتخابات لڑ چکے ہیں، مستقبل میں ان کی سیاست نہیں دیکھ رہا۔ نواز شریف اور آصف زرداری کے خلاف مقدمات آگے بڑھ رہے ہیں۔

شہباز شریف، نواز شریف، سعد رفیق اور آصف علی زرداری پر ان کی اپنی حکومتوں میں مقدمات بنے لیکن تحقیقات نہیں کی جانے دی گئیں۔پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ادارے مکمل آزاد ہیں اور اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔اب یہ لوگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر رہے ہیں یہ اب آپس میں نہیں مل سکتے۔ آپس میں مل بھی جائیں تو صفر جمع صفر ہوں گے۔

حکومت کو مستقبل میں اپوزیشن کی جانب سے کوئی چیلنج درپیش نہیں ہے۔پی ٹی آئی نے انتخابات کے دوران عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ملک میں کرپشن فری نظام کی بنیاد رکھیں گے۔ہم اس وعدے کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ ماضی میں سرکاری خزانے کو لوٹنے والوں کو چور ڈاکو کہیں تو یہ ناراض ہو جاتے ہیں۔وزیر اعظم کا وژن بڑا واضح ہے کہ قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

چوہدری فواد نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 5 سال خیبر پختونخوا میںکرپشن فری حکومت کی ہے۔آج پاکستان میں کرپشن کے خلاف تحقیقات کے نتیجے میں بین الاقوامی شفافیت نظر آرہی ہے۔ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔برٹش ایئر ویز نے پاکستان کے لئے 10سال بعد اپنی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے جو حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔

دیگر یورپی ممالک بھی پاکستان کے حوالے سے مثبت ٹریول ایڈوائزری جا ری کر رہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت رحم پر مبنی پالیسیز بنا رہی ہے جو ریاست مدینہ کی اساس تھی۔ نبی اکرم ؐ نے ہجرت کے بعد مدینہ کی بنیاد رحم پر رکھی۔ہماری حکومت اسی اصول پر چل رہی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بھارتی شہری حامد انصاری کو پاکستان کی جانب سے رحم کی بنیاد پر چھوڑا گیا۔

کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے دوران بھارتی صحافیوں نے بھارتی شہری حامد انصاری کا معاملہ عمران خان کے سامنے رکھا تھا کہ وہ نوجوان پیر کے چکر میں بارڈر عبور کر کے پاکستان میں داخل ہوا۔ اس کی کہانی پر بالی وڈ میں پوری فلم بنائی جا سکتی ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ بھارتی صحافی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت میں آواز اٹھائیں۔

جب تک بھارت کشمیر میں ظلم و ستم بند نہیں کرتا پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے۔نواز شریف کے خلاف ریفرنسز آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔فیصلے میں عوام کو بڑی خوشخبری ملے گی۔فیصل واوڈا نے لندن میں واقع اپنے فلیٹس کو اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیا ہے اس لیے ان کی جائیداد ہونا غیر قانونی نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں