سینیٹ،شیری رحمان کا بھارتی جاسوس نہال انصاری کی رہائی سمیت کلبھوشن یادیو کیس کی موجودہ صورتحال پر ایوان کو بریفنگ دینے کا مطالبہ

بدھ 19 دسمبر 2018 21:34

سینیٹ،شیری رحمان کا بھارتی جاسوس نہال انصاری کی رہائی سمیت کلبھوشن یادیو کیس کی موجودہ صورتحال پر ایوان کو بریفنگ دینے کا مطالبہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 دسمبر2018ء) سینیٹ میں سابق اپوزیشن لیڈر شیری رحمان نے بھارتی جاسوس نہال انصاری کی رہائی سمیت کلبھوشن یادیو کیس کی موجودہ صورتحال پر ایوان کو بریفنگ دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔بدھ کے روز ایوان بالا میں عوامی اہمیت پر بات کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا معاملہ عالمی عدالت میں چلا گیا ہی اور اس پر اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے اس حوالے سے حکومت آگاہ نہیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہندوستان کے ساتھ تعلقات کے معاملے پر کلبھوشن یادیو کے معاملے پر اپنا مؤقف کمزور نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ اخبارات میں آیا ہے کہ حکومت نے ایک بھارتی جاسوس نہال انصاری کو رہا کردیا ہے،انہیں واہگہ کے ذریعے ہندوستان کے حوالے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب جاسوس پکڑا جاتا ہے تو اسی3 سالوں کے بعد واپس بھیجا جاتا ہے،پوری دنیا میں ایسا نہیں ہوتا ہے کہ جاسوس کو بغیر کچھ لئے چھوڑ دیا جائے۔

انہوںنے کہا کہ اس وقت غریب ماہی گیروں کو 5/5سالوں تک قید میں رکھا جاتا ہے حکومت ہمیں بتائے کہ ہندوستان کے جاسوس کو کیسے رہا کیاگیا ہے،وہ پاکستان کیوں آیا تھا اس حوالے سے وزیر خارجہ ایوان کو آگاہ کرے اور اگر یہ سیکورٹی کا مسئلہ ہے تو اس کو خارجہ امور کی کمیٹی میں ان کیمرہ اجلاس بلا کر بحث کی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھی ایوان کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کرے۔

انہوںنے کہا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے تعلقات ہندوستان سے بہتر ہوں اس طرح پاسکتان کی جانب سے امریکہ اور طالبان کے مابین امن مذاکرات کا انعقاد بھی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان افغانستان میں ایک ڈیم بنا رہا ہے جو پاکستان کیلئے ایک خطرناک ڈیم ہے،اس سے پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے،اس حوالے سے بھی پاسکتان کو محتاط رہنا چاہئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں