حکومت پاکستان کا رواں برس حج پر 40 ہزار روپے سبسڈی ختم کرنے پر غور شروع

سبسڈی ختم کرنے کی منظوری کے بعد فی کس حج اخراجات 4 لاکھ 20 ہزار روپے ہو جائیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 16 جنوری 2019 11:37

حکومت پاکستان کا رواں برس حج پر 40 ہزار روپے سبسڈی ختم کرنے پر غور شروع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جنوری 2019ء) : حکومت نے رواں سال حجاج کرام کو دی جانے والی 40 ہزار روپے کی سبسڈی ختم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے جس کے بعد سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات 4 لاکھ 20 ہزار روپے ہونے کا امکان ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی کے تحت اس سے قبل حج اخراجات 3 لاکھ 80 ہزار روپے کے قریب تھے۔ ذرائع کے مطابق حج اخراجات میں اضافے کی وجہ روپیہ غیرمستحکم اور سعودی عرب میں ٹیکسز ہیں۔

وفاقی کابینہ سے حج پالیسی کی منظوری کے بعد حج درخواستیں20 جنوری سے جمع ہوں گی،20 فروری2020 ء تک مشین ریڈایبل پاسپورٹ پرحج درخواستیں جمع ہوں گی۔واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حج 2019ء کا معاہدہ طے پاگیا ، جس کے تحت رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 افراد فریضہ حج ادا کرسکیں گے، حج معاہدہ پر پاکستان اور سعودی وزراء نے دستخط کیے اور پاکستان کے حج کوٹہ میں پانچ ہزار افراد کا اضافہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور نے 2019ء کے لئے حج پالیسی کو حتمی شکل دی تھی۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ متوقع ہے جس کی وجہ سے سرکاری اسکیم کے تحت حج پیکج میں بھی ایک لاکھ روپے سے زائد اضافے کا امکان ہے ۔ وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی تشکیل دے کر وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد 20 جنوری کو حج پالیسی کا اعلان متوقع ہے۔

حج اخراجات میں اضافے کے امکان نے رواں برس حج کے لیے جانے والی عازمین کو بھی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔اس حوالے سے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور وزیر خزانہ اسد عمر کے مابین ملاقات رواں ہفتے متوقع ہے جس میں مشاورت کے بعد حج پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ حج پر سبسڈی ختم کرنے کی صورت میں سرکاری اسکیم کے تحت حج کا خرچ 4 لاکھ 20 ہزار فی کس سے بھی تجاوز کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ عازمین حج پر کم بوجھ ڈالنے کے لیے گذشتہ برس بھی ن لیگ کی حکومت نے خصوصی گرانٹ دی تھی۔حج سبسڈی ختم کرنے کے اعلان پر عازمین حج نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ خالصتاً دینی فریضہ کی ادائیگی کے لیے دی جانے والی سبسڈی کو ختم نہ کریں اور حج اخراجات میں اضافے کو کم کیا جائے اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے حجاج کرام کے مسائل میں اضافہ ہو۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں