وزیراعظم عمران خان کا عوامی مسائل کے حل کے لئے نیشنل ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ

خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے قیام اور اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے لئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ذمہ داری سونپ دی گئی

بدھ 16 جنوری 2019 13:49

وزیراعظم عمران خان کا عوامی مسائل کے حل کے لئے نیشنل ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) حکومت نے عوامی مسائل کے حل کے لئے نیشنل ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے قیام اور اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ کمیٹی نیشنل ایکشن پلان مرتب کرنے کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سارے عمل کے نگران کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تعلیم‘ صحت‘ پانی کی قلت اور زراعت جیسے شعبوں کے مسائل کے حل کے لئے نیشنل ایکشن پلان بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں وزیراعظم نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ہدایت کی ہے کہ اس حوالے سے ایک خصوصی پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے جو ان مسائل کے نیشنل ایکشن پلان مرتب کرنے کے لئے سفارشات مرتب کرے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی اس کمیٹی کے سربراہ ہونگے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے کہا گیا ہے وہ اس سلسلے میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں۔ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان میں تمام جماعتوں کو شامل کیا جائے گا اور کمیٹی اپنی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔ اس سلسلے میں سمندر پار پاکستانیوں سے بھی تجاویز لی جائیں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں