این آر او کون مانگتا ہے ، کیسے مانگتا ہے عوام کو سب پتہ ہے

اپوزیشن اگر ملکی و قومی مفاد میں اکٹھی ہو تو خوش آمدید کہیں گے۔ ترجمان وزیراعظم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 16 جنوری 2019 13:10

این آر او کون مانگتا ہے ، کیسے مانگتا ہے عوام کو سب پتہ ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جنوری 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا کہ میں کئی مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ احتساب اور جمہوریت دو علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں۔ ا گر تو اپوزیشن جماعتیں یہ کہیں کہ ہم ملک میں جمہوریت کی بہتری کے لیے، یا پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے، عوام کے بنیادی حقوق کے لیے ، خواہ مہنگائی ہو، خواہ امن و امان ہو، جوڈیشل سسٹم کی کمزوری ہو، خواہ لوڈ شیڈنگ ہو ، انرجی بحران ہو یا کاشتکاروں کی بدحالی ہو۔

یہ ایسے مسائل ہیں جو جمہوریت کے ذریعے ایک سسٹم کے ذریعے ان میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ اداروں ، پی آئی اے ، ریلوے سب میں ایک سسٹم کے تحت بہتری لائی جا سکتی ہے۔ اگر اپوزیشن کا یہ ایجنڈا ہے کہ ان تمام اداروں میں بہتری آئے اور عوام کےمسائل کا خاتمہ ہو جائے تو بسم اللہ کریں ، ہم ان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

اگر اپوزیشن جماعتیں حکومت پر دباؤ بڑھانے کی بجائے ان پوائنٹس پر اکٹھی ہوں گی تو ہمیں خوشی ہو گی اور ہم خود بھی ان کو خوش آمدید کہیں گے۔

این آر او سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن نے کہا کہ این آر او کے حوالے سے پوری قوم کو علم ہے کہ کون کون اس کے اسٹیک ہولڈرز ہوتے ہیں۔ کون این آر او دیتا ہے ، کون لیتا ہے ، اور کس طرح لیا جاتا ہے۔ کس طرح سسٹم بچاؤ کی تحریک شروع کی جاتی ہے۔ ووٹ کو عزت دو سے شروع ہو کر سپہ سالار کی تعریف تک کام پہنچ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آر او کون مانگ رہا ہے ، اپوزیشن کا این آر او دینے والوں سے رابطہ ہے یا نہیں اس حوالے سے میں کچھ نہیں کہہ سکتا اور نہ ہی کہنا چاہتا ہوں کیونکہ یہ تو اپوزیشن ہی بہتر بتا سکتی ہے کہ اس کا کن کن لوگوں سے رابطہ ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں