سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کو درپیش مشکلات اور مسائل کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض کا جواب

بدھ 16 جنوری 2019 15:37

سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کو درپیش مشکلات اور مسائل کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کو درپیش مشکلات اور مسائل کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں شیر اکبر خان کی طرف سے سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کو درپیش مسائل سے متعلق نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی مزدوروں کی مشکلات کے ازالے کے لئے کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی تعداد میں اضافے کی تجویز کو کابینہ نے منظور کرلیا ہے۔

سعودی عرب اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کے حل کے لئے کال سرزمین کے نام سے سروس بھی شروع ہو چکی ہے۔ وزیراعظم نے خود اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی مزدروں کو اقامہ ریلیز نہ کرنے کی مشکلات پر کام ہو رہا ہے۔ انشاء اللہ اس مسئلہ کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

ہم وٹس ایپ نمبر سے لوگوں سے رابطے میں ہیں۔ مائزہ حمید کے نکتہ اعتراض پر جواب میں دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے موجودہ حکومت نے وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات کئے ہیں۔ بہاولپور میں صوبائی کابینہ کا باقاعدہ اجلاس ہوتا ہے۔ جنوبی پنجاب میں بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے اور سیاحت و تعلیم کے مسائل کے حل کے حوالے سے جامع اقدامات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اب پیپلز پارٹی کی ترجمان بنی ہے۔ گھسیٹنے سے گلے ملنے تک کے سفر پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں