سپریم کورٹ نے نواز شریف کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی اپیل خارج کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا

نیب کی اپیل ایسے شخص کے خلاف ہے جو پہلے ہی جیل میں ہے۔ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 16 جنوری 2019 16:09

سپریم کورٹ نے نواز شریف کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی اپیل خارج کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جنوری 2019ء) : سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی اپیل خارج کرنے کے معاملے پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی اپیل پر فیصلہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تحریر کیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز کو مد نظر نہیں رکھا۔

سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ ضمانت کے فیصلے مختصر لکھے جائیں۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ہائیکورٹ نے ضمانت کا فیصلہ بھی 41 صفحات پر تحریر کیا۔ ہائیکورٹ ضمانت کے کیس میں میرٹ کے معاملے کو بھی زیر بحث لائی۔ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کچھ حتمی نتائج بھی اخذ کر لیے۔

(جاری ہے)

مرکزی درخواستوں کی سماعت پر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ نیب کیسز میں ہائیکورٹ غیر معمولی آئینی دائرہ استعمال کر سکتی ہے۔

نواز شریف کے کیس میں ایسے کوئی غیر معمولی حالات نہیں تھے۔ نواز شریف کی ضمانت اور اس کی منسوخی کی وجوہات بالکل مختلف ہیں۔ نیب کی اپیل ایسے شخص کے خلاف ہے جو پہلے ہی جیل میں ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب کی دوسری فریق خاتون ہے۔ قانون خواتین کو ضمانت میں رعایت فراہم کرتا ہے۔ ایسے حالات میں نیب کی اپیل مسترد کی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ 14 جنوری کو ایون فیلڈ ریفرنس کی سزا معطلی کے خلاف سپریم کورٹ میں نیب کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں پر سماعت ہوئی جنہیں خارج کر دیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے پانچ رکنی بینچ نے نیب کی اپیل خارج کی تھی اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس احتساب عدالت نے 6 جولائی 2018 کو نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 19 ستمبر کو معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا ، بعد ازاں سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں