حکومت لاپتہ افراد کے معاملے پر بل منظوری کیلئے لا رہی ہے‘ تمام اپوزیشن کی حمایت درکار ہوگی، ڈاکٹر شیریں مزاری

غیر قانونی طور پر کسی کو اٹھا کر مار دینا کسی طور بھی جائز نہیں، رائو انوار کو سزا ملنی چاہیے اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے، وفاقی وزیر کا قومی اسمبلی میں اظہارخیال

بدھ 16 جنوری 2019 19:49

حکومت لاپتہ افراد کے معاملے پر بل منظوری کیلئے لا رہی ہے‘ تمام اپوزیشن کی حمایت درکار ہوگی، ڈاکٹر شیریں مزاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حکومت لاپتہ افراد کے معاملے پر بل منظوری کیلئے لا رہی ہے‘ ہمیں تمام اپوزیشن کی حمایت درکار ہوگی‘ غیر قانونی طور پر کسی کو اٹھا کر مار دینا کسی طور بھی جائز نہیں، رائو انوار کو سزا ملنی چاہیے اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر محسن داوڑ نے کہا کہ طاہر داوڑ کے اغواء اور پھر قتل کے حوالے سے بنائی گئی جے آئی ٹی کی تحقیقات کا کیا بنا، وزیراعلیٰ سندھ اور بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل پر ڈال کر چھوٹے صوبوں کو کیا پیغام دیا جارہا ہے، گلالئی اسماعیل کا نام بھی ناجائز طور پر ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔ جس کے جواب میں وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ طاہر داوڑ کیس کے حوالے سے وزیر داخلہ تفصیلات بتائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رائو انوار کو سزا ملنی چاہیے اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے، ہم نے لاپتہ افراد کے حوالے سے بین الوزارتی کمیٹی بنائی ہے، یہ مسئلہ مشکل ضرور ہے تاہم آہستہ آہستہ اس حوالے سے ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے جو قانونی ترامیم لارہی ہے اس میں ہمیں اپوزیشن کی حمایت درکار ہوگی، بغیر کسی ٹرائل اور غیر قانونی طور پر کسی کو اٹھا کر مار دینا کسی طور پر بھی جائز نہیں ہے ، ہم یہ سلسلہ ختم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے معاملے کو کابینہ کے اجلاس میں بھی زیر غور لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی ایل کے حوالے سے اطلاعات ہوائی اڈوں تک پہنچانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائیگا ہم ان معاملات میں پائے جانے والے سقم دور کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں