اپوزیشن جتنا مرضی شور مچائے حکومت کسی کو این آر او نہیں دے گی قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے، زرتاج گل

بدھ 16 جنوری 2019 23:13

اپوزیشن جتنا مرضی شور مچائے حکومت کسی کو این آر او نہیں دے گی قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے، زرتاج گل
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنا مرضی شور مچائے حکومت کسی کو این آر او نہیں دے گی قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے چیف جسٹس کا ڈیم فنڈ کے قیام اور ڈیم بنانے کے حوالے سے مہم کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ قوم چیف جسٹس ثاقب نثار کے ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے جبکہ ڈیم بنانے کے حوالے سے فیصلے کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے اپنے دور میں جس طرح کے فیصلے کئے اس سے عدالت پر عوام کا اعتماد بڑھا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ چیف جسٹس نے تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے خلاف فیصلہ دیا ہم نے اس فیصلے پر عمل کیا۔

(جاری ہے)

قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ زرتاج گل نے کہا کہ اپوزیشن کرپشن کو چھپانے کے لئے اکٹھی ہو رہی ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا جتنا مرضی شور مچا لیں کسی کو ملک سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔

کسی سے ڈیل نہیں ہوگی کسی قسم کا این آر او نہیں ملے گا۔ کرپٹ مافیا کے اوپر ہاتھ ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل جاری ہے۔ کرپٹ مافیا کا سخت سے سخت احتساب کیا جارہا ہے۔ ہر ایک کو مقدمات کا سامنا کرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضمنی بجٹ میں سرمایہ دار لوگوں پر ٹیکس لگایا جائے گا۔ غریب عوام پر اس کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں