ہر پیر کو اجلاس شروع ہونے سے قبل ایک وفاقی وزیر کی اراکین کے ساتھ خصوصی نشست ہو گی

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی اسمبلی سے گفتگو

بدھ 16 جنوری 2019 23:35

ہر پیر کو اجلاس شروع ہونے سے قبل ایک وفاقی وزیر کی اراکین کے ساتھ خصوصی نشست ہو گی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہر پیر کو اجلاس شروع ہونے سے قبل ایک وفاقی وزیر کی اراکین کے ساتھ خصوصی نشست ہو گی جس میں وہ اراکین کو اپنی وزارت سے متعلقہ امور پر تفصیلات سے آگاہ کرے گا، جنوبی پنجاب کو صوبہ کا درجہ دینے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق جلد خوشخبری دی جائے گی۔

ان خیا لات کا اظہار انہوں نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل، قانون سازی، جمہوری اداروں کے استحکام اور دیگر پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاع پرویز خٹک، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ عامر ڈوگر نے بھی شرکت کی۔

سپیکر نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اداروں کا استحکام ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے اور اس کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی وہ واحد ادارہ ہے جو ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے صحیح سمت کا تعین کر سکتا ہے۔ انہوں نے ممبران پر قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں اپنی حاضری کو یقینی بنانے او ر عوامی مسائل کو ایوان کے اندر اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیاں پارلیمان کا اہم جزو ہیں اور ان کی تشکیل کے بغیر مؤثر قانون سازی عمل میں نہیں لائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں تمام پارلیمانی رہنماؤں سے رابطہ میں ہیں اور اس امیدکا اظہار کیا کہ قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔انہوں نے فرینڈ شپ گروپس کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی دیگر پارلیمانوں کے ساتھ رابطوں میں اضافہ اور تعلقات کو فروغ دینے کیلئے قومی اسمبلی میں 91 فرینڈشپ گروپس تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بیک بینچر اراکین کو ایوان میں اظہار خیال کا موقع دینے کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے تمام اراکین ان کی نظر میں برابر اہمیت کے حامل ہیں انہوں نے ممبران کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے قانون سازی اور دیگر امو ر میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر اراکین نے سپیکر کے غیر جانبدارانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر جانبداری اور تحمل مزاجی کی وجہ سے پارلیمان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے سپیکر کی جانب سے زیر حراست ممبران کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس پارلیمانی روایات کو زندہ رکھنے پر وہ انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر رکن لاکھوں ووٹوں سے منتخب ہو کر اس ایوان میں آتا ہے اس لئے مشاورت کے عمل میں اس کا شامل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے سپیکر کو قانون سازی کے عمل میں ہر ممکن تعاون اور اپنی حاضری کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھنا اور حاضری کو یقینی بنانا تمام اراکین کا قومی فریضہ ہے۔

انہوں نے سپیکر کو بیک بینچر کو ایوان میں اظہار خیال کا موقع فراہم کرنے کیلئے بھی کہا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اور عوامی مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے سپیکر کو اپنے حلقوں کی عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے ان علاقوں کی عوام کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کی پسماندگی کے خاتمہ اور عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔ اراکین نے سپیکر کو ملتان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی جس کو قبول کرتے ہوئے انہوں نے جلد ملتا ن کا دورہ کرنے کا یقین دلایا۔اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی سردار نصراللہ خان دریشک، محمد امجد فاروق خان کھوسہ، اورنگزیب خان کھچی، سردار محمد خان لغاری، رانا محمد قاسم نون، ظہور حسین قریشی، مخدوم زین حسین قریشی، طاہر اقبال، سردار ریاض محمود خان مزاری، سیّد مبین احمد، خالد مگسی، نیاز احمد جھکڑ، میاں محمد شفیق اور محمد شبیر علی قریشی نے شر کت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں