تبدیلی کے دعوے کرنے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے

پاکستان تحریک انصافکے دور حکومت کے پہلے 6 ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری اور ریونیو میں ریکارڈ کمی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 جنوری 2019 13:27

تبدیلی کے دعوے کرنے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل ملک بھر میں تبدیلی لانے اور ملکی معیشت کو سُدھارنے کے دعوے کیے تھے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ان کے یہ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کو اقتدار میں آئے ابھی چھ ماہ ہی ہوئے اور بیرونی سرمایہ کاری اور ریونیو میں اضافہ ہونے کی بجائے ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی جس نے حکومتی جماعت کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بیرونی سرمایہ کاری 77فیصد کم ہوئی۔ اسٹیٹ بینک نے سرمایہ کاری کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے جن کے مطابق دسمبر 2018ء میں 23 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

(جاری ہے)

دسمبر 2018ء میں 31 کروڑ 92 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی جبکہ سٹاک مارکیٹ سے 8.92 کروڑ ڈالر کا انخلا ہوا۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 89.95 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ مالی سال کی پہلی ششماہی میں 1.31 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی جبکہ سٹاک مارکیٹ سے 41.98 کروڑ ڈالر کا انخلا ہوا ۔ دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو رواں مالی سال کے ریونیو ہدف میں پہلے چھ ماہ میں 158 ارب روپے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا۔

ایف بی آر حکام کے مطابق رواں مال سال کی پہلی ششماہی میں ایف بی آر نے 1894ارب کے محصولات اکٹھے کیے جبکہ ہدف 2052ارب روپے تھا۔ انکم ٹیکس کی مد میں 670 ارب ،سیلز ٹیکس کی مد میں 689 ارب ،ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 202 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 333ارب اکٹھے ہوئے ۔ ایف بی آر حکام نے بتایا کہ پاکستان میں کل آبادی کا صرف 4 فیصد افراد ٹیکس دہندہ ہیں۔ پنجاب کی ایک شوگر مل سے 45 کروڑ70لاکھ روپے کی ٹیکس چوری پکڑی گئی جبکہ دوسری شوگر مل میں ایک لاکھ 25 ہزار کم بوریاں پیداوار ظاہر کی گئیں۔موجودہ حکومت کے پہلے چھ ماہ کے دوران ہی بیرونی سرمایہ کاری اور ریونیو میں ریکارڈ کمی تشویشناک ہےجس کی وجہ سے حکومتی جماعت پر سے عوام کا اعتماد اُٹھنے کا قوی امکان ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں