پاکستان نے سیاحت کےفروغ کے لیے نئی ویزا پالیسی پر غور شروع کر دیا

نئی پالیسی کے تحت 55 ممالک کو پاکستان آمد پر ویزا دیا جائے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 جنوری 2019 14:41

پاکستان نے سیاحت کےفروغ کے لیے نئی ویزا پالیسی پر غور شروع کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں نئی ویزا پالیسی تشکیل دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے نئی ویزہ پالیسی زیر غور ہے جس کے تحت 55 ممالک کے شہریوں کو پاکستان آمد پر ویزا جاری کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت اورسرمایہ کاری عبد الرزاق داؤد نے بتایا کہ اس حوالے سے سفارشات پر غور کیا جارہا ہے جس کے تحت دنیا بھرکے 55 ممالک کے شہریوں کو پاکستان آمد پر ویزا جاری کر دیا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی تشکیل دینے کے بعد اسے منظوری کے لیے وزیراعظم عمران خان کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ہم ملک کے سکیورٹی اداروں سے بھی مشاورت کریں گے۔

(جاری ہے)

عبد الرزاق داؤد نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحت کا فروغ پاکستان کی اشد ضرورت ہے۔ اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی حالات میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کو دنیا کے سامنے اپنا امیج بہتر کرنے کے لئے سیاحت کی اشد ضرورت ہے۔ واضح رہےکہ رواں ماہ پاکستان نے انگلینڈ اور امریکہ سمیت 24 ممالک کے سیاحوں کے گروہ کو پاکستان آمد پر ویزا جاری کیا تھا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ماننا ہے کہ اگر پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے تو پاکستانی معیشت میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ ہر سال بیرون ممالک سے کئی سیاح پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیر کرنے کی غرض سے پاکستان آتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں