سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے قومی ثقافتی ورثہ کے تحفظ کی ضرورت ہے، صدر مملکت عارف علوی

جمعرات 17 جنوری 2019 21:28

سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے قومی ثقافتی ورثہ کے تحفظ کی ضرورت ہے، صدر مملکت عارف علوی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے قومی ثقافتی ورثہ کے تحفظ کی ضرورت ہے ، قومی ورثہ کی حامل عمارات پر کسی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وہ جمعرات کو ایوان صدر میں وفاقی محتسب کی سفارش کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

صدر نے پاکستان ریلوے کو ہدایت کی کہ ریلوے کراسنگ لالہ زار کالونی جہلم جو شیر شاہ سوری کے دور میں کبھی ڈاک/پولیس چوکی تھی، کے قریب پاکستان ریلوے کی ملکیت تاریخی عمارت سے اشیاء کی چوری کے حوالے سے انکوائری کی جائے۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کو یہ بھی ہدایت کی کہ مخصوص عمارت کے تحفظ اور اس تاریخی مقام کی باقاعدگی سے نگرانی کے لئے سیفٹی گیٹ نصب کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کو بھی ہدایت کی کہ اس آثاریاتی مقام کے تحفظ کے لئے ضروری تفصیلات اور تدارکی اقدامات کے ساتھ جامع رپورٹ پیش کرے۔ واضح رہے کہ اس مخصوص کیس میں شکایات کنندہ نے اس تاریخی عمارت کی حالت زار اور تباہ حالی کا الزام عائد کیا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تاریخی و آثاریاتی مقامات کا تحفظ کرنے کے لئے تمام متعلقہ فریقین کا معاون رویہ وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ورثہ کی حامل عمارات پر کسی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں