چیف جسٹس میاں ثاقب نثار 65 سال کی عمر میں عہدے سے سبکدوش ہوگئے

انہوں نے دو سال 18 دن اس اہم ترین عہدے پراپنے فرائض سرانجام دئیے

جمعرات 17 جنوری 2019 23:03

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار 65 سال کی عمر میں عہدے سے سبکدوش ہوگئے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار 65 سال کی عمر پر عہدے سے سبکدوش ہوگئے ۔ انہوں نے دو سال 18 دن اس اہم ترین عہدے پراپنے فرائض سرانجام دئیے ، انہوں نے اپنے ذمہ داریوں کے آخری روز بھی بنچ ون میں آٹھ مقدمات کی سماعت کی،یادرہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے 31 دسمبر 2016 کو اس عہدے کاحلف اٹھایا تھا۔

اس مدت کے دوران 43 ازخود نوٹسز لئے تھے جن میں سے متعدد ازخود نوٹس کیس نمٹا دیئے ۔ چیف جسٹس فل کورٹ ریفرنس کے بعد پریس ایسوسی ایشن کی دعوت پر پاس کے دفتر بھی گئے۔ اس موقع پر جسٹس عمر عطاء بندیال، جسٹس منظور ملک، جسٹس جسٹس سردار طارق مسعود ،جسٹس اعجاز الاحسن ،جسٹس مظہر عالم میاں خیل بھی ا ن کے ہمراہ تھے اس موقع پرپاس کی جانب سے چیف جسٹس کوگلدستے بھی پیش کیے گئے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے پاس ممبران کے ہمراہ چائے پی اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس نے کہاکہ بطورچیف جسٹس میں نے جو بھی اقدامات کیے وہ مفاد عامہ کے پیش نظر کئے اورکسی کے ساتھ کسی بھی قسم کا خاص برتاؤ نہیں کیا میں صحافیوں کی جانب سے اپنے اس محبت آمیز رویئے پر ان کامشکور ہوں ، اس موقع پرچیف جسٹس نے پاس ممبران میں کارکردگی سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں