حسن نثار،وزیر اعظم کے مشیر بننا چاہتے ہیں ؟؟؟

معروف صحافی و تجزیہ کار حسن نثار نے وزیر اعظم کو اشاروں کنایوں میں پیغام دے دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 17 جنوری 2019 22:10

حسن نثار،وزیر اعظم کے مشیر بننا چاہتے ہیں ؟؟؟
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جنوری2019ء) معروف صحافی و تجزیہ کار حسن نثار نے وزیر اعظم کو اشاروں کنایوں میں پیغام دے دیا۔انکا کہنا تھا کہ میں نے مفت مشوروں کی فیکٹری نہیں لگائی اور نہ ہی میں عمران خان کو نصیحت کروں گا لیکن اگر مجھ سے مشورہ لیا جائے گا تو میں ضرور مشورہ دوں گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو قائم ہوئے کم و بیش 4 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی کارکردگی کے قصیدے سناتے ہوئے نہیں تھکتی جبکہ اپوزیشن موجودہ دور حکومت کو بدترین انداز حکومت قرار دیتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہیں۔تاہم وزیر اعظم عمران خان اپنے عوامی اقدامات سے اس حکومت کی ساکھ بہتر بنانے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم ابھی حکومت کی جانب سے بہت کچھ کئیے جانے کی ضرورت ہے ۔موجودہ حکومت سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ انہوں نے اقتدار میں آنے سے پہلے کسی بھی قسم کا ہوم ورک نہیں کیا جس کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے اور یہی سبب ہے کہ وہ تجزیہ کار اور صحافی بھی جو کبھی تحریک انصاف کا دم بھرتے تھے آج انکو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

انہیں میں سے ایک معروف صحافی حسن نثار ہیں۔حسن نثار نے نجی ٹی وی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کارکردگی دیکھ کر شدید ندامت ہوتی ہے۔مجھے لگتا تھا کہ یہ بابو لوگ ہیں انکو اندازہ ہوگا کہ ہوم ورک کی اہمیت کیا ہے مگر آج افسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا۔انکا مزید کہنا تھا کہ میں جب جب ایسی باتیں سنتا ہوں ،جب جب یہ ٹاسک فورسز بناتے ہیں میرا خون کھولتا ہے اور میرے منہ سے مہذب گالیوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں نکلتا۔

ایک نجی ٹی وی پر بات چیت کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا کہعمران خان کی ساری زندگی داو پر لگ چکی ہے۔یہ جو ماجھے ساجھے اکٹھے ہو گئے ہیں انکا کیا ہے ۔ان میں سے کوئی 2 پارٹیاں پھر کے آیا ہے اور کوئی 4 پارٹیوں کی خاک چھان آیا ہے ،انکا کیا ہے یہ تو کل کو کسی اور پارٹی میں چلے جائیں گے۔اسٹیک ہولڈر صرف اور صرف عمران خان ہے۔انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ایک پوری تاریخ ہے اور وہ بیک وقت خوش نصیب بھی ہیں اور بد نصیب بھی۔

وہ ایک وقت میں گمنام کرکٹر تھا پھر شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔پھر شوکت خانم آیا،اسکی زندگی تو کامیابیوں سے بھری پڑی ہے،۔اس نے ایک مری ہوئی پارٹی میں زندگی کی لہر دوڑا دی۔وہ ایک ماضی رکھتا ہے۔عمران خان کی ساری فتوحات لوگ بھول جائیں گے۔دس بیس سال بعد ہم ہوں نہ ہوں لوگ برے الفاظ میں عمران خان کے دور کو یاد کریں گے۔انکا کہنا تھا کہ ان للوں پنجووں کا کیا ہے۔

عمران خان کی ساری زنندگی کی محنت داو پر لگ چکی ہے۔یہ فائنل روانڈ بڑے اہم ہوتے ہیں انہوں نے نپولین واٹر لو اور یلدرم جیسے بڑے ناموں کے ماتھے پر کلنک لگا دئیے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ یہ کامن سینس بھی استعمال نہیں کررہے۔یہ یاد رکھیں کہ یہ الٹا لٹک جائیں غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔کوئی برادر ملک ترس کھا کر چار پیسے لگا دے تو ٹھیک ورنہ ان لوگوں کی حرکتیں سب کچھ گنوا دیں گے۔

اسی بات چیت کے دوران حسن نثار نے وزیر اعظم عمران خان کو اشاروں کنایوں میں بتایا کہ وہ انکو مشورہ دینے کے لیے تیار ہیں لیکن جب تک ان سے مشورہ مانگا نہیں جائے گا وہ مشورہ نہیں دیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے کوئی مفت مشوروں کی فیکٹری نہیں لگا رکھی لیکن مجھ مشورہ مانگا گیا تو ضرور دوں ۔اس کے بعد کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ حسن نثار اشاروں کنایوں میں وزیر اعظم عمران خان کو بطور مشیر اپنی خدمات پیش کرنا چاہ رہے ہیں،حسن نثار کا مزید کیا کہنا تھا ویڈیو ملاحظہ کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں