سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے اچانک کیے جانے والے 8 دورے

ان دوروں میں شاہ رخ جتوئی کی جیل کا اچانک دورہ بھی شامل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 جنوری 2019 16:28

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے اچانک کیے جانے والے 8 دورے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جنوری 2019ء) : ملک کے 25 ویں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار گذشتہ روز اپنے عہدے سے ریٹائر ہو گئے۔سابق چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ پر ان کے کئی فیصلوں اور ریمارکس کا تذکرہ کیا گیا۔ اپنے دور میں میاں ثاقب نثار نے عوامی فلاح و بہبود کے کئی فیصلے دئے جس کی وجہ سے انہیں عوام میں مقبولیت حاصل ہوئی۔ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے دور میں 8 ایسے اچانک دورے کیے جنہوں نے سب کو حیران کر دیا ۔

سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے شاہ زیب قتل کیس کے مجرم شاہ رخ جتوئی کی جیل کا دورہ کیا۔ انہوں نے ضیاء الدین اسپتال میں زیر علاج پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کے کمرے کا دورہ کیا ۔ سابق چیف جسٹس نے لاہور میں قیام کے دوران مینٹل اسپتال لاہور کا دورہ بھی اچانک دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

مریضوں اور تیمارداروں سے متعلق اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بھی دریافت کیا۔

سابق چیف جسٹس نے پمز اسپتال کا بھی اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے اسپتال میں موجود مریضوں اور ان کےاہل خانہ کے مسائل سنے۔ سابق چیف جسٹس نے لاڑکانہ سیشن کورٹ کا بھی اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے موبائل فون کمرہ عدالت میں لانے پر جج کی سرزنش کی جس وجہ سے ان کے اس دورے کو خاصی مقبولیت حاصل ہوئی۔ سابق چیف جسٹس نے سینٹرل جیل پشاور کا بھی اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے قیدیوں کو دئے جانے والے کھانے کا جائزہ لیا۔

انہوں نے اپنے دور میں میو اسپتال لاہور کا بھی اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے اسپتال کی ایمرجنسی سمیت دیگر وارڈز کا دورہ کر کے وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ان تمام دوروں میں سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے بالاکوٹ میں 2005ء کے زلزلہ متاثرین سے ملاقات کے لیے جانے کو بھی خاصی اہمیت حاصل ہے۔ یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار گذشتہ روز اپنے عہدے سے ریٹائرہوئے۔ جس کے بعد آج صبح جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاکستان کے 26 ویں چیف جسٹس کا منصب سنبھالا اور حلف اُٹھایا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں