چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں

جمعہ 18 جنوری 2019 19:19

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے جمعہ کے روز باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں ان سے چیف جسٹس کے عہدہ کا حلف لیا جس کے بعد وہ سیدھے سپریم کورٹ پہنچے۔ عدالت عظمیٰ آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنرپیش کیا۔

اس کے فوری بعد نئے چیف جسٹس اپنی نئی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لئے بینچ نمبر ون میں چلے گئے جہاں انہوں نے اپنی نشست پر براجمان ہو کر چیف جسٹس کی حیثیت سے عدالتی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کیا۔ نئے چیف جسٹس کے ساتھ مقدمات کی سماعت میں معاونت کیلئے بنچ میں جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل تھے۔ اس موقع پراٹارنی جنرل انور منصور خان نے روسٹرم پر آ کر ان کو چیف جسٹس کا عہدہ سنھالنے پرمبارک باد پیش کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس موقع پر چیف جسٹس کے ساتھ شمالی قبرص کی سپریم کورٹ کے صدر، ایک سابق بھارتی جج، کامن ویلتھ جوڈیشل ایجوکیشن کے سابق جج، چیف جج نائیجریا، شمالی قبرص کے صدر جج بھی اعزازی طور پر بینچ پر موجود تھے۔ دریں اثناء اٹارنی جنرل انور منصور خان نے کہا کہ اس اہم ترین موقع پر ہم غیر ملکی مہمانوں کو عدالت عظمیٰ میں موجودگی پر خوش آمدید کہتے ہیں جنہوں نے خصوصی طور پر نئے چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی اور تقریب کو چار چاند لگائے جبکہ سپریم کورٹ بار کے صدر امان الله کنرانی نے نئے چیف جسٹس کواپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارک دیتے ہوئے انہیں اور غیر ملکی مہمانوں کو بھی مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ نئے چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب میں غیر ملکی مہمانوں کی آمد ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے جبکہ نئے چیف جسٹس کاکہنا تھا کہ میں اپنی اورسپریم کورٹ کی جانب سے حلف برداری کی تقریبات میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ حلف برداری کے بعد سپریم کورٹ آمد پر سپریم کورٹ کے افسران اور عملہ کے دیگر ارکان نے بھی پرجوش انداز میں چیف جسٹس کا خیرمقدم کیا جس پر چیف جسٹس نے ان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد ان سے خصوصی ملاقات کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں