وفاق اور سندھ کی محاذ آرائی قانونی جنگ میں تبدیل ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا

سندھ حکومت نے وفاق کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈزنہ ملنے اور دیگر امور پر قانونی چارہ جوئی پر غور شروع کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جنوری 2019 09:49

وفاق اور سندھ کی محاذ آرائی قانونی جنگ میں تبدیل ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2019ء) : وفاقی حکومت سندھ میں تبدیلی لانے کی خواہاں ہے تو سندھ حکومت کسی صورت میں وفاق کی اس خواہش کو پایہ تکمیل تک پہنچنے نہیں دینا چاہتی۔ وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے مابین ہونے والی یہ محاذ آرائی اب قانونی جنگ میں تبدیل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مالی خود مختاری نہ دینے پروفاقی حکومت اورسندھ حکومت کے مابین ٹھن گئی ہے۔

بلدیات، ہاؤسنگ، سیاحت، صحت، ترقیاتی امورکے بعد سندھ حکومت نے وفاق کے یکساں نصاب تعلیم پراجیکٹ کا بھی بائیکاٹ کردیا۔ جس کے بعد اب وفاقی اورسندھ حکومت کے مابین مختلف امور پرجاری محاذ آرائی قانونی جنگ میں بدلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ سندھ حکومت نے وفاق کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈزنہ ملنے ،صوبائی حکومت کو مالی خود مختاری نہ دینے ،شیئرمیں کٹوتی اوردیگر امورپر وفاقی حکومت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی تیاری شروع کردی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ انکشاف وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کو دی گئی بریفنگ میں سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ حکومت کی غیرعلانیہ معاشی ناکہ بندی سے آنے والے دنوں میں سندھ حکومت شدید مالی مشکلات سے دوچارہوسکتی ہے ۔ پیپلزپارٹی کے معتمد ترین ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پارٹی قیادت سے مدد اوروفاقی حکومت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی اجازت بھی طلب کرلی ہے ۔

جبکہ اس ضمن میں چیف سیکرٹری سندھ کے ذریعے ایک خط وفاقی حکومت کو بھیجا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ سندھ حکومت دیگرامورکی طرح یکساں نصاب تعلیم کے معاملے پربھی وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے سے قاصرہے ۔ پیپلز پارٹی ذرائع نے بتایا کہ بائیکاٹ کا مقصد وفاقی حکومت کو یہ بآورکروانا ہے کہ قومی نصاب کونسل کی تشکیل غیرآئینی ہے کیونکہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد سے تعلیم اورنصابی معاملات صوبوں کے دائرہ اختیارمیں آتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں