پاکستان تحریک انصاف کے اندر بھی فارورڈ بلاک

پاکستان تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک کا مائنس عمران خان منصوبے پر کام کرنے کی سازش کا انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جنوری 2019 10:15

پاکستان تحریک انصاف کے اندر بھی فارورڈ بلاک
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف نے سندھ میں قدم جمانے کی بات کی اورکئی حکومتی رہنماؤں نے اپوزیشن جماعتوں میں فارورڈ بلاک بننے کی بات تو کی لیکن اب حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف میں ہی فارورڈ بلاک بنانے اور مائنس عمران خان منصوبے پر کام کرنے کی سازش بے نقاب ہو گئی ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے 3 رہنماؤں کی تحریک انصاف کے اندر فارورڈ بلاک بنانے اور مائنس عمران خان فارمولا کی کوشش کرنے کی سازش ناکام اور بے نقاب ہو گئی۔

3 اہم اپوزیشن رہنما پاکستان تحریک انصاف کے کچھ رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے رابطے کر کے فاورڈ بلاک بنانے اور مائنس عمران خان فارمولے پر کام کر رہے تھے جن میں سے ایک مذہبی سیاسی شخصیت اور دو بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنما شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے یہ کوشش کی جا رہی تھی کہ کسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے کچھ اہم رہنماؤں کو اس بات کے لیے راضی کیا جائے کہ حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہی رہے گی اور اپوزیشن بھی اس کو سپورٹ کرے گی لیکن مائنس عمران خان فارمولا مانا جائے ۔

ذرائع کے مطابق اس ضمن میں میڈیا سے تعلق رکھنے والی کچھ اہم والی شخصیات کو بھی استعمال کیا جا رہا تھا اور سوشل میڈیا پر بھی ایسا پراپیگنڈہ کیا جا رہا تھا کہ اہم قومی ادارے عمران خان سے ناراض ہونا شروع ہو گئے اور حکومت کے اندر وزرا کی گروپنگ پیدا ہو گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ وفاق اور صوبوں کی سطح پر فارورڈ بلاک بنانے کے لیے سابق حکومت کی وفادار بیوروکریسی کئی وزرا کے کام روک کر اور کئی وزراء کے محکموں میں دوسرے وزرا کی مداخلت کا پراپیگنڈہ کر کے وزراء میں گروپنگ پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی تھی۔

عمران خان اور حکومت کے خلاف یہ سازش اس وقت ناکام ہو گئی جب اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ھرپور کوشش کے باوجود بھی ان کو وہ رسپانس نہیں مل سکا جس کی وہ توقع کر رہے تھے ۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اپوزیشن رہنما ،جو اس مشن پر تھے ،کی کئی ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں اور ٹیلی فونک گفتگو ریکارڈ کا حصہ ہے ۔ اس ضمن میں ایک رپورٹ بھی تیار کرکے اعلیٰ حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔

تاہم اپنی سازشوں میں ناکامی کے باوجود اب بھی اپوزیشن اور ان کی وفادار بیوروکریسی کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ وفاق نہیں تو پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو نقصان پہنچایا جا سکے۔واضح رہے کہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت متزلزل کرنے سے متعلق گذشتہ روز سینئیر صحافی چوہدری غلام حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو گرانے کی تیاری کر لی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے گھناؤنے عزائم ہیں ۔ ان کی کوشش ہے کہ کسی طرح وفاق اور پنجاب سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو گرا دیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں