اپوزیشن اتحاد اپنی کمزوری کی وجہ سے حکومت کے خلاف پاور شو نہیں کر سکتا

مسلم لیگ ن کے کارکن نہ متحد ہے اور نہ ہی کسی تحریک کے لیے منظم، پیپلز پارٹی بھی بڑے لیول پر کوئی ایڈونچر نہیں کر سکتی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جنوری 2019 10:59

اپوزیشن اتحاد اپنی کمزوری کی وجہ سے حکومت کے خلاف پاور شو نہیں کر سکتا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2019ء) : سندھ میں تبدیلی لانے کے وفاقی حکومت کے بیان کے بعد سندھ میں حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی وفاق کو ٹف ٹائم دینے اور وفاقی حکومت کو گرانے کے لیے کسی ایڈونچر کا سہارا لینے کی کوششوں کا آغاز کر دیا ہے لیکن کچھ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کا اتحاد کمزور ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر کیا جانے والا اتحاد اس وقت کسی بڑے ایڈونچر کی پوزیشن میں ہرگز نہیں ہے جس کی وجہ دونوں جماعتوں کے کارکنان ہیں جو کسی چھوٹے لیول پر تو اپنی جماعت کی اُمیدوں پر پورا اُتر سکتے ہیں لیکن بڑے لیول پر اپنی جماعتوں کا ہرگز ساتھ نہیں دے سکتے۔

اس حوالےسے قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیا بننے والا اپوزیشن اتحاد حکومت کے خلاف کوئی بڑاایڈونچر شروع کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اعلیٰ حکومتی ذرائع نے اپوزیشن اتحاد کے متعلق ٹاپ سول خفیہ ادارے کے ایک میمو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کو کسی بڑے پاور شو کیلئے عوامی حمایت حاصل ہے اور نہ ہی پاور شو کرنے کی پوزیشن میں ہیں ۔

سول خفیہ ادارے کے میمو کے مطابق ان کی معلومات کومسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی سیکنڈ لائن ،مقامی قیادت اور انکے کارکنان کی پلس رپورٹس(Pulse Reports) اور سینئر قیادت کے حوالے سے فیلڈ سورس رپورٹس بنیاد پر حاصل کیا گیا۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ انہوں نے میمو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن جس کی زیادہ جڑیں پنجاب میں ہیں حکومت کے خلاف کسی پاور شو کی پوزیشن میں نہیں جس کی وجہ اس کی سیکنڈ لائن ،مقامی قیادت اور کارکن متحرک ہیں اورنہ کسی تحریک کے لیے منظم ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ میں چھوٹے مظاہرے کر سکتی ہے لیکن مقامی قیادت اور کارکن بھی کسی ایڈونچر کے لئے جوش وجذبہ نہیں رکھتے ۔

دونوں اپوزیشن جماعتوں کی مقامی قیادت اور کارکن یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی اعلی ٰقیادت اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کے لیے ان کو سیاسی دنگے فساد میں استعمال کرنا چاہتی ہے جس کے لئے وہ ہرگز تیار نہیں ہیں۔ موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق شریف اور بھٹو خاندان کے صرف چند کچن پارٹی رہنما اس مہم جوئی کی کوشش میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن زمینی حقائق کو نظر میں رکھتے ہوئے بڑوں کو کسی بڑے ایکشن کی کوشش کا مشورہ دینے سے گریزاں ہیں،ان کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) اپوزیشن اتحاد میں ایک ایسی جماعت ہے جو خیبرپختونخواہ میں غیر معمولی پاور شو کر سکتی ہے لیکن اس سے حکومت کو کوئی بڑی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، اپوزیشن اتحاد اگر اسلام آبا د میں کوئی پاور شو کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس میں بڑا حصہ جمعیت علماء اسلام (ف) کا ہو سکتا ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں