کراچی پورٹ ٹرسٹ میں ملازمین کی غیر قانونی مستقلیوں کے ملزم کی اپیل ،

مینیجر ایچ آر محمود کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج ، نیب نے گرفتار

پیر 21 جنوری 2019 13:41

کراچی پورٹ ٹرسٹ میں ملازمین کی غیر قانونی مستقلیوں کے ملزم کی اپیل ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) سپریم کورٹ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ میں ملازمین کی غیر قانونی مستقلیوں کے ملزم کی اپیل کی سماعت کے دور ان کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مینیجر ایچ آ ر محمود شریف کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردی۔ پیر کو جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دور ان وکیل ملزم نے کہا کہ بطور مینیجر ایچ آ ر میرا کردار صرف ڈاکیا کا تھا۔

وکیل نے کہاکہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی گیلانی نے گوادر دورہ میں تمام ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا ۔وکیل ملزم نے کہاکہ اگر کسی نے وزیراعظم کے اعلان کا غلط استعمال کیا تو وہ وزیر یا چیئرمین ہیں۔وکیل نے کہاکہ اس وقت بابر غوری وزیر تھے۔ وکیل ملزم نے کہاکہ 2012 میں بابر غوری کو کراچی میں کون انکار کر سکتا تھا۔

(جاری ہے)

وکیل ملزم نے کہا کہ 2012 میں تو بابر غوری کا نام سن کر لوگ یہاں کانپ جاتے تھے۔

جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ کیا بابر غوری کو نیب نے گرفتار کیا وکیل نیب نے کہا کہ ملزم بابر غوری مفرور ہے۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ نیب مقدمات میں ضمانت اب صرف غیر معمولی حالات میں ہی ہو گی،اس کیس میں کیا غیر معمولی حالات ہیں وہ بتائیں۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ پانچ رکنی بینچ کے بعد اب ضمانت ہر کیس میں نہیں ہو گی۔ وکیل ملزم نے کہاکہ سپریم کورٹ نے بہت سے مقدمات میں ملزمان کو ضمانتیں د ی ہیں۔جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ ساری مثالیں لارجر بینچ فیصلے سے پہلے کی ہیں جن کااب کوئی اثر نہیں بعد ازاں عدالت نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مینیجر ایچ آ ر محمود شریف کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردی، ملزم کو نیب نے گرفتار کر لیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں