معصوم بچے قیامت تک ماں باپ کا انتظار کریں گے، شہبازشریف

وزیراعظم کو خود قوم کوجواب دینا پڑے گا، بدترین سفاکی ہوئی ہے،واقعے پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ، تاکہ جے آئی ٹی کے حقائق قوم کے سامنے آسکیں۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 جنوری 2019 18:46

معصوم بچے قیامت تک ماں باپ کا انتظار کریں گے، شہبازشریف
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 جنوری2019ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ معصوم بچے قیامت تک ماں باپ کا انتظار کریں گے، وزیراعظم کو خود قوم کوجواب دینا پڑے گا،بدترین سفاکی ہوئی ہے،واقعے پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے تاکہ جے آئی ٹی کے حقائق قوم کے سامنے آسکیں۔انہوں نے آج قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے خود کہا تھاکہ عثمان بزدار میرے نامزد کردہ ہیں۔

تووزیراعظم نے قوم کو جواب دینا ہے۔پنجاب کی انتظامیہ نے واقعے پرباربار بیانات بدل کر نااہلی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ کیوں بولا گیا؟ زیادتی کیوں کی گئی؟ عوام سچائی جاننا چاہتے ہیں، واقعے کی اصل جڑ تک پہنچنا چاہتے ہیں۔حکومت کی ان کو 2 کروڑ دینے کی بات افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے کہا کہ معصوم بچے نے بیان دے کرساہیوال واقعے کا پول کھول دیا ہے۔

معصوم بچوں نے پول کھول دیا اور بتایا کہ والد نے ہاتھ جوڑ کر کہا نہ مارو پیسے لے لو۔ کار کو چیک کرنےوالوں کا لباس غیر رسمی تھا۔ اگر کار میں دہشتگردوں کی موجودگی یااسلحے کا شبہ تھا تو چیک کیوں نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤ ن کے واقعے کو سیاسی بنایا گیا۔ زینب کے واقعے پر بھی سیاست چمکائی گئی۔ اس دوران کے پی میں بھی بچیوں سے زیادتی کے دو واقعات ہوئے۔

ساہیوال واقعے ہو کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتے۔ ہم ان کی طرح دھرنے نہیں دیں گے لیکن ہم ان کوچین سے بیٹھنے بھی نہیں دیں گے، جب تک یہ قوم کوحقائق نہیں بتاتے۔میاں شہبازشریف نے کہا کہ یہ بہت سنگین واقعہ ہے۔بدترین سفاکی ہوئی ہے۔ہم نے تحریک التواء جمع کروائی ہے۔واقعے پر کمیٹی بنائی جائے تاکہ جے آئی ٹی کے حقائق قوم کے سامنے آسکیں۔معصوم بچوں کے ماں باپ کوان کی آنکھوں کے سامنے قتل کردیا گیا۔معصوم بچے قیامت تک اپنے ماں باپ کا انتظار کریں گے جو کبھی واپس نہیں آئیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں