تیل کی درآمدات میں 15فیصد اضافہ

مہنگائی کی شرح میں 0.21 فیصد کمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 جنوری 2019 10:21

تیل کی درآمدات میں 15فیصد اضافہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 جنوری۔2019ء) رواں مالی سال-19 2018 کی پہلی ششماہی کے دوران تیل کی درآمدات میں 15فیصد اضافہ ہوا. ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 7ارب 66کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں. یہ درآمدات گذشتہ مالی سال 2017-18 کی پہلی ششماہی کے دوران کی گئی 6ارب 67کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات سے 99کروڑ ڈالر زائد رہیں.

اس طرح گذشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 14.83فیصد زائد پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں جبکہ روپے کی قدر کے لحاظ سے یہ اضافہ 39.86فیصد زائد رہا.

(جاری ہے)

دوسری جانب نئے مالی سال کے7ویں ماہ کے تیسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریئے میں 0.16 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی.

وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 18 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران گندم، آٹا ،کیلے، لہسن ،خوردنی تیل، دال مسور ،دال ماش، تازہ دودھ ، دھی، چائے، چینی ،مٹن ،بیف، اری چاول ،ویجی ٹیبل گھی ،سمیت 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا. زندہ مرغی، انڈے، گڑ ،ایل پی جی ، چنے کی دال ،دال مونگ ،ٹماٹر، آلو، پیاز ،سمیت 10اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول ،ہائی سپیڈ ڈیزل، مٹی کاتیل ،گیس نرخ ،بجلی کے نرخ ،نمک ،روٹی سادہ ، ملک پاو¿ڈر، سرخ مرچ ،مسٹرڈ آئل ،باسمتی چاول ، سگریٹ ، صابن ، سمیت 26 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا.

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں 8 ہزار تا 12 ہزار آمدنی ، 12 ہزار تا18 ہزارآمدنی ،18 ہزار تا35ہزار تک اور35 ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.19، 0.20 ،0.22 اور اعشاریہ 22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں