نتھیاگلی : شدیدبرف باری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرلیاگیا

سیاحوں کی بازیابی کے لیے فوج اور فضائیہ پر مشتمل ریسکیو سکواڈ نے آپریشن میں حصہ لیا . آئی ایس پی آر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 جنوری 2019 10:33

نتھیاگلی : شدیدبرف باری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرلیاگیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 جنوری۔2019ء) نتھیاگلی توحید آباد میں برف باری کے باعث گاڑیوں میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرلیاگیاہے . برف باری کا لطف اٹھانے کےلئے سیاحوں نے ملکہ کوہسار مری کا ر± خ کیا لیکن شدید برف باری کی وجہ سے پیر اورمنگل کی درمیانی شب متعدد گاڑی سوار سیاح برف باری کی وجہ سے توحیدآباد کے مقام پرپھنس گئے.

برف میں سیاحوں کی 14 سے 15 گاڑیاں پھنس گئی تھیں اور انہیں نکالنے کے لیے آنے والا لفٹر بھی شدید برف باری کی وجہ سے پھنس گیا تھا جس کے بعد پھنسے ہوئے سیاحوں کی بازیابی کے لیے فوج اور فضائیہ پر مشتمل ریسکیو ٹیم بھیجی گئی تھی.

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق برف میں پھنسے سیاحوں نے میڈیا کے ذریعے مدد طلب کی تھی،شدید موسمی حالات کے باوجود رات سوا 3بجے ریسکیو آپریشن شروع کیاگیا‘برف میں پھنسے لوگوں کو علی الصبح مری اور کالا باغ کے محفوظ مقامات پر منتقل کردیاگیاہے.

آپریشن میں پاک آرمی،پاک فضائیہ،کوئیک ریلیف فورس اور ریسکیو1122 نے حصہ لیا . ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں کہا کہ توحیدآباد میں سیاحوں کے پھنسنے کا علم میڈیا رپورٹس سے ہوا جس پر ریسکیوٹیموں کو فوری روانہ کردیا گیا. آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن شدید موسمی حالات کے دوران علی الصبح سوا تین شروع کیا گیا.

اس سے قبل برفباری میں پھنسے سیاح نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ گاڑیوں میں فیملیاں اور بچے موجود ہیں، گاڑیوں میں ایندھن بہت محدود مقدار میں بچاہے. محصور سیاح کا کہنا تھا کہ 5 گھنٹے سے توحیدآباد میں پھنسے ہوئے ہیں، ہمیں ریسکیو کیا جائے. اس سے قبل پاک فوج نے بیان جاری کیا تھا کہ توحید آباد میں سیاحوں کے بھٹکنے کا علم میڈیا رپورٹس سے ہوا تھا، سول انتظامیہ بھی ریسکیوآپریشن میں تعاون کررہی ہے، ریسکیوٹیم کے پاس دوایاں اورخوراک موجود ہے، شدید برفباری اورنہ چلنے والی گاڑیوں کی وجہ سے سڑکیں بلاک ہیں جب کہ سڑکیں کلیئرکرانےکی کوشش کی جارہی ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں