شادی سے قبل تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ لازمی کروایا جائے گا

سینیٹ میں بل منظور کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 جنوری 2019 11:28

شادی سے قبل تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ لازمی کروایا جائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جنوری 2019ء) : شادی سے قبل تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ لازمی کروانے کا بل منظور کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں شادی سے قبل تھیلسیمیا کے ٹیسٹ لاز می کروانے کا بل منظور کرلیا گیا جبکہ اعضا کی پیوند کاری ترمیمی بل پر اعتراض اُٹھادیا گیا۔ گذشتہ روز کورم کی نشاندہی پر کورم ٹوٹ گیا اور ایوان کی کارروائی 5 منٹ ملتوی کرکے گھنٹیاں بجائی گئیں۔

پیرکو ہونے والے سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر عتیق شیخ کی طرف سے جب انسانی اعضا اور ٹشوز کی پیوند کاری ایکٹ 2010ء میں مزید ترمیم کے بل پرقائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی تو سینیٹر مشتاق نے اعتراض اُٹھا دیاکہ یہ متنازع بل ہے ، اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کا موقف لیا جائے ، ایوان میں بل پر ووٹنگ کی گئی۔

(جاری ہے)

بل کے حق میں 16 اور مخالفت میں 6 ووٹ آئے ،اس کے باوجود چیئرمین سینیٹ نے بل کو لا کمیٹی کے پاس بھیج کر ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی۔

ایوان میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی کہ حکومت بجٹ میں اعلان کردہ مزدوروں کی کم ازکم اجرت پر عملدرآمد ،اسپتالوں میں زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی یقینی بنائے اور ان کی فہرست آویزاں کی جائے ۔ قبل ازیں سینٹ کا رواں اجلاس یکم فروری تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ چیئرمین سینٹ نے ارکان کی طرف سے پیش کئے گئے 3 بل متعلقہ کمیٹیوں کو بھیج دیئے ۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ سینیٹر نصیب اﷲ بازئی نے آرٹیکل 260 میں ترمیم، سینیٹر سراج الحق اور مشتاق احمد خان نے آرٹیکل 30 کی شق 2 کو حذف کرنے اور سینیٹر عتیق شیخ نے نئے شریک حیات اور مجوزہ شریک حیات کی تھیلیسیمیا کی بیماریوں کے لئے خون کا لازمی ٹیسٹ بل 2018ء متعارف کروانے کے لیے دستور میں ترمیم کے بل پیش کئے ۔اجلاس میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کی طرف سے عوامی اہمیت کے حامل نکات پر کمیٹی کی رپورٹس پیش کر دی گئیں۔

قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کی طرف سے 3 مختلف معاملات پر کمیٹی کی رپورٹیں پیش کی گئیں جن کی ایوان بالا نے منظوری دے دی ۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے گذشتہ برس دسمبر میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے قومی تھیلیسیمیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے یومیہ اوسطاً 17 بچوں کو تھیلیسیمیا کا مرض پیدائشی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شادی سے قبل ٹیسٹ اور کزن میرج سےگریز کر کے تھیلیسیمیا سے بچا جا سکتا ہے۔ تھیلیسیمیا سے بچاؤ کا بل بھی پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ جس کے بعد دلہا کو شادی سے قبل تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ کروانا ہو گا۔ میاں بیوی دونوں میں تھیلیسیمیا کے جینز ہوں تو خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ تاہم بل رواں ماہ سینیٹ میں پیش کیا گیا جسے منظور کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں