شہباز شریف کی بطور چئیرمین پی اے سی تقرری کے خلاف درخواست خارج

اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 جنوری 2019 15:54

شہباز شریف کی بطور چئیرمین پی اے سی تقرری کے خلاف درخواست خارج
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جنوری 2019ء) : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی بطور چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تقرری کے خلاف درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ نے خارج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس محسن اختر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ درخواستگزار عدالت کو مطمئن نہیں کر سکے جس کے بعد اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی بطور چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تقرری کے خلاف درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے طور پر تقرری کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے 17 جنوری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

(جاری ہے)

گذشتہ سماعت میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ایک شخص پر جب تک الزام ثابت نہ ہو تب تک وہ مجرم نہیں ہوتا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ درخواست گزار اس معاملے میں کیسے متاثر ہے؟ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اپنے حلقے کے رکن قومی اسمبلی کے ذریعے پارلیمنٹ میں آوازاُٹھائیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ ہائیکورٹ آرٹیکل 69 کو معطل کر سکتی ہے۔

آپ پارلیمنٹ کے حوالے سے احترام والے الفاظ استعمال کریں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ہمیں اپنے منتخب نمائندوں پر یقین رکھنا چاہئیے۔ شہباز شریف اور سعد رفیق اپوزیشن کے رکن ہیں۔ پارلیمنٹ پر یقین رکھیں اور کام کرنے دیں۔ جس کے بعد شہباز شریف کی بطور پی اے سی چئیرمین تقرری کے خلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ ہی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تعیناتی کے خلاف درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں ساعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ شہباز شریف کو خود کرپشن الزامات کا سامنا ہے اور وہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں ایسے میں وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین مقرر نہیں ہو سکتے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے درخواست سماعت کے لئے منظورکی گئی جس پر 17 جنوری کو سماعت ہوئی اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں حراست میں لیا تھا جہاں جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر کو گذشتہ برس دسمبر میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین مقرر کیا گیا جس پر حکومت کے اتحادی شیخ رشید نے بھی اعتراض اُٹھایا اور حکومت کے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں