دورہ قطر کے دوران وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ میں ''پرچی'' کی نشاندہی

وزیراعظم عمران خان نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کے دوران پرچی تھامے رکھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 جنوری 2019 12:59

دورہ قطر کے دوران وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ میں ''پرچی'' کی نشاندہی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہاتھ میں پرچی پکڑ کر عالمی میٹنگز میں جاتا دیکھ کر تنقید کرنے والے عمران خان کے ہاتھ میں دورہ قطر کے دوران ''پرچی'' کی نشاندہی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج کل قطر کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے کےبعد جب اپنی پہلی تقریر کی تو پی ٹی آئی کے سپورٹرز نے ان کی خوب تعریف کی اور کہا کہ عمران خان پاکستان کے نئے وزیراعظم ہیں اور وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرح ہاتھ میں پرچی پکڑ کر بات نہیں کرتے۔

''پرچی'' کے بغیر تقاریر کرنے پر جہاں عمران خان کو اُس وقت خوب سراہا گیا وہاں دورہ قطر کے دوران وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ میں ''پرچی'' دیکھی گئی۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تصویر میں عمران خان کے ہاتھ میں پکڑے کاغذ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ تصویر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے دوحہ میں ہونے والی ملاقات کی ہے۔ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وہ سپورٹرز جو سابق وزیراعظم کو ''پرچی'' سے پڑھ کر تقریر کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے تھے وزیراعظم عمران خان کی اس وائرل تصویر پر خاموش ہیں۔

جبکہ پی ٹی آئی کے کچھ سپورٹرز اپنے لیڈر کے دفاع میں سامنے آئے اور انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ عمران خان نے اس کاغذ پر کچھ اہم نکات درج کیے ہوں جو میٹنگز کا حصہ ہوں لیکن یہ ماننا کہ عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرح پوری میٹنگ میں پرچی پڑھ کر سنائی ، ممکن نہیں ہے، کیونکہ عمران خان ''پرچی'' والی سرکار نہیں ہیں۔ انہیں کوئی بھی ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا ۔

سوشل میڈیا پر موجود صارفین کو وزیراعظم عمران خان کی اس ''پرچی'' والی تصویر کی شکل میں نیا موضوع بحث مل گیا ہے۔ اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے تبصرے بھی شروع ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی ایک مرتبہ وزیراعظم عمران خان کو وزیراعظم آفس میں گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات کے دوران پرچی پکڑے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں