پاک چین دوستی ہر آزمائش میں کامیاب رہی ہے ،

دونوں ملکوں نے مشکل وقتوں میں ایکدوسرے کا ساتھ دیا ہے، سیکرٹری خارجہ پاکستان بھارت اور افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے مثبت تعلقات کا خواہاں ہے، تہمینہ جنجوعہ کا تقریب سے خطاب پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، دونوں ممالک کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے ، چینی سفیر یائو جنگ کا خطاب

بدھ 23 جنوری 2019 18:25

پاک چین دوستی ہر آزمائش میں کامیاب رہی ہے ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش میں کامیاب رہی ہے ،دونوں ملکوں نے مشکل وقتوں میں ایکدوسرے کا ساتھ دیا ہے پاکستان بھارت اور افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے مثبت تعلقات کا خواہاں ہے جبکہ چینی سفیر یاؤجنگ نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے ۔

بدھ کو اسلام آباد میں پاک چین دوستی پر مبنی میگزین کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات کی تمام جہتیں دوستی کی عکاس ہیں پاک چین خصوصی تعلقات ایک حقیقت ہیں اور اس کو کوئی جھٹلا نہیں سکتا پاکستان اور چین کے تعلقات تمام چیلنجز میں ثابت قدم رہے ہیں یہ دوستی شہد سے میٹھی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر یاؤجنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین تمام موسموں کے دوست ہیں دونوں ممالک کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے اور آج کی دنیا میں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ترقی بہت ضروری ہے سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا اہم ترین حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور پاکستان نے ہمیشہ اپنے ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کو ترجیح دی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے اور ہمیں اس پراپیگنڈہ کو ختم کرنے کے لئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں،سی پیک کے ذریعے دونوں ملک آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ میگزین دونوں ملکوں کے خلاف پراپیگنڈہ کے خاتمہ کے لئے اہم کردار ادا کرے گا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں