سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مختلف ممالک کے سفارت خانوں میں تعینات اتاشیوں اور ان کی بیگمات کی ملاقات

اہم علاقائی و عالمی امور اور مختلف ممالک کے پاکستان کیساتھ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا گیا پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسایہ ممالک سمیت تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات قائم کرنے پر یقین رکھتا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں، موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے ، پاکستانی قوم اور سیکورٹی اداروں نے دنیا میں امن کی خاطر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کے ناسور پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی گفتگو

بدھ 23 جنوری 2019 19:49

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مختلف ممالک کے سفارت خانوں میں تعینات اتاشیوں اور ان کی بیگمات کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں موجود مختلف ممالک کے سفارت خانوں میں تعینات اتاشیوں اور ان کی بیگمات نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں اہم علاقائی و عالمی امور اور مختلف ممالک کے پاکستان کیساتھ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسایہ ممالک سمیت تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات قائم کرنے پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے اور سرمایہ کاروں کے سرمائے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان میں دلکش قدرتی مناظر والے سیاحتی مقامات اور دنیا کے بلند ترین پہاڑی سلسلے موجود ہیں جن میں بیرونی سیاحوں کے لیے دلچسپی کا سامان موجودہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور سیکورٹی اداروں نے دنیا میں امن کی خاطر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اور 70ہزار سے زیادہ معصوم شہری اور سیکورٹی اہلکار اس جنگ میں شہید ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب دہشت گردی کے ناسور پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔

انہوں نے سفارتکار وں سے کہا کہ وہ اپنے ممالک میں پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں۔ اس موقع پر سیکرٹری قومی اسمبلی سیکرٹریٹ طاہر حسین نے اجلاس کے شر کاء کو قومی اسمبلی اور اس کی قائمہ کمیٹیوں کے تنظیمی ڈھانچے ،تشکیل اور کام کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ غیر ملکی اتاشیوں نے قومی اسمبلی کے دورے کا موقع فراہم کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکر یہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے انہیں قومی اسمبلی اور قانون سازی کے حوالے سے گراں قدر معلومات حاصل ہوئی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں