سپیس ٹیکنالوجی اور سائنسز کا موثر استعمال ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اور شماریات ڈویژن مخدوم خسرو بختیارکا مشاورتی سیمینار سے خطاب

جمعرات 24 جنوری 2019 15:58

سپیس ٹیکنالوجی اور سائنسز کا موثر استعمال ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اور شماریات ڈویژن مخدوم خسرو بختیارکا مشاورتی سیمینار سے خطاب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اور شماریات ڈویژن مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سپیس ٹیکنالوجی اور سائنسز کا موثر استعمال ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے،جیو سپیشل ٹیکنالوجیز اور سیٹیلائٹ امیجری کے استعمال سے ترقیاتی منصوبوں کی حقیقی نگرانی اور نقشہ سازی کی جا سکتی ہے جو منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے علاوہ بہتر منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں بھی مدد فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ (پی آر ایس ایس-۱) کے اعدادوشمار کے استعمال پر ایک مشاورتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار کا اہتمام سپارکو نے پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے اشتراک سے کیا تھا جس میں مختلف وزارتوں اور محکموں کے سیکرٹریز اور نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین سپارکو نے کمیشن کے بارے میں ایک تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سپیس ٹیکنالوجی اور ایپلیکیشنز کے استعمال سے گورننس اور کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے اور اخراجات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز اور تازہ سیٹلائٹ امیجری کے استعمال سے گورننس کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ان کی دہلیز پر ضروری خدمات فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

خسرو بختیار نے کہا کہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی فصلوں کے سائز، پانی کا بہاؤ، معدنیات کو نکالنے اور دیگر قدرتی وسائل کے لئے استعمال کرنی چاہے، اس کے علاوہ جنگلات اور انفراسٹرکچر منصوبوں کی بہتر منیجمنٹ بھی کی جاسکتی ہے جس سے سماجی و معاشی فائدے حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان طریقوں کو عالمی سطح پر بھی اپنایا گیا ہے اور بہت سے ممالک ان ٹیکنالوجیز کے استعمال سے مستفید ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکو مت کی اولین ترجیح تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنا ہے۔ وزارت منصوبہ بندی اس سلسلے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی موثر نگرانی اور بہتر فیصلہ سازی کے لئے ایک پائلٹ منصوبہ شروع کرے گی۔ جدید جیو سپیشیل ٹیکنالوجیز جیسے کہ سیٹلائیٹ کی تصویر ، جغرافیائی معلومات کے نظام اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائیٹ کی مدد سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ شفافیت کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کے مقاصد کے حصول کے لئے نیشنل سپیس ایجنسی سپارکو کے کام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ کمیشن جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے اور اسکے فروغ کے لئے اپنا کام جاری رکھے گا جس سے عوام کی بہتری کے ساتھ ساتھ معیشت کی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں