سعودی ولی عہد کے دورے سے گزشتہ 10 سال سے زیادہ سرمایہ کاری ہوگی،فواد چوہدری

ہم سعودی عرب کے 2 نئے شہروں کے لیے افرادی قوت فراہم کریں گے �پوزیشن کے ساتھ تعلقات اتنے اچھے نہیں جتنا وہ ظاہر کرتے ہیں،وزیر اطلاعات کی سعودی اخبار کے اسلام آباد بیورو کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت

جمعہ 15 فروری 2019 23:22

سعودی ولی عہد کے دورے سے گزشتہ 10 سال سے زیادہ سرمایہ کاری ہوگی،فواد چوہدری
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے سے ملک میں گزشتہ 10 سال سے زیادہ سرمایہ کاری ہوگی جبکہ ہم سعودی عرب کے 2 نئے شہروں کے لیے افرادی قوت فراہم کریں گے۔ سعودی اخبار 'عرب نیوز' کے اسلام آباد بیورو کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 'پورا پاکستان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر خوش ہے جنہیں پاکستانی حدود میں داخل ہونے پر فضائی سلامی بھی دی جائے گی۔

' انہوں نے کہا کہ 'سعودی ولی عہد کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا اور وزیر اعظم، خود استقبال کے لیے ایئرپورٹ جائیں گے جبکہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

' ان کا کہنا تھا کہ 'سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران سپریم کوآرڈنیشن کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا جس کے سربراہ وزیر اعظم عمران خان اور محمد بن سلمان ہوں گے، جتنے بھی معاہدے ہوں گے اس کی نگرانی کونسل خود کرے گی جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے جوائنٹ ورکنگ گروپ مل کر کام کریں گے۔

' فواد چوہدری نے کہا کہ 'سعودی ولی عہد کے دورے سے دو ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملے گی، ان کے لیے وفاقی دارالحکومت کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے جبکہ پورا اسلام آباد نہیں صرف ریڈ زون کو بند کیا جائے گا۔' انہوں نے کہا کہ 'سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے جا رہے ہیں، سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران اہم معاہدے ہوں گے اور گذشتہ 10 سال سے زیادہ سرمایہ کاری ہوگی، جبکہ ہم سعودی عرب کے 2 نئے شہروں کے لیے افرادی قوت فراہم کریں گے۔' اپوزیشن کے کسی رہنما کو سعودی ولی عہد کی آمد پر دعوت نہ دینے کے سوال پر وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 'اپوزیشن کے ساتھ تعلقات اتنے اچھے نہیں جتنا وہ ظاہر کرتے ہیں۔'

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں