سعودی ولی عہد کی آمد ،اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی ممنوع ہوگا

دو روز تک جڑواں شہروں کے مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ

ہفتہ 16 فروری 2019 14:18

سعودی ولی عہد کی آمد ،اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی ممنوع ہوگا
اسلام آبا د (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں دو روز کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی ممنوع ہوگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر دو روز تک راولپنڈی اور اسلام آباد کے مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے ، اہم شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی بند رہے گا، سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران اسلام آباد کی فضائی حدود مکمل طور پر بند رہے گی۔

انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں ایک ہزار سے زائد سیکیورٹی چیک پوائنٹس بنائے جائیں گے اور اہم شاہراہوں پر بڑی گاڑیوں کا داخلہ 2 روز کیلئے بند رہے گا۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد کی فضا میں تربیتی پروازیں معطل رہیں گی اور ڈرون یا اس جیسے ہیلی کاپٹروں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق جڑواں شہروں کی میٹروبس سروس راولپنڈی تک محدود رہے گی اور مخصوص علاقوں میں موبائل سروس بھی بند رہے گی ۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کا ائیرسپیس مکمل طور پر بند کردیا جائے گا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جڑواں شہروں کی اہم شاہراہوں پر تعینات کیے جائیں گے۔وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد کی مرکزی شاہراہ ایکسپریس ہائے وے کو وی وی آئی پی موومنٹ کیلئے بند کی جائیگی تاہم پشاور، کہوٹہ، مری سے آنے والی ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے،ایکسپریس ہائی وے کورال چوک سے فیصل ایونیو 15 یوٹرن تک محدود وقت کیلئے بند کی جائے گی اور مری روڈ فیض آباد انٹرچینج سے سیرینا چوک تک بند رہے گی۔

محمدبن سلمان کے دو روزہ دورے میں شاہراہ دستور ریڈیو پاکستان سے سیرینا ہوٹل، سہروردی روڈ تک بند رہے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ سیکورٹی انتظامات کے دوران شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے تاہم ان اوقات میں اسکول اور دفاتر جانے والے افراد وقت سے پہلے گھر سے نکلیں۔ یاد رہے کہ سعودی ولی عہد (آج)اتوار کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں