اسد قیصر کے خلاف پروپیگنڈا متعصبانہ ہے

اسپیکر اسد قیصر کو حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ نعیم الحق

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 فروری 2019 15:15

اسد قیصر کے خلاف پروپیگنڈا متعصبانہ ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 فروری 2019ء) : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بارے میں گردش کرنے والی خبروں کو پراپیگنڈہ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں نعیم الحق کا کہنا تھا کہ اسد قیصر بطور اسپیکر قومی اسمبلی اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں۔

اسد قیصر مشکل حالات میں حکومت کی مشاورت سے ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔اسپیکر اسد قیصر کو حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسد قیصر کے خلاف پراپیگنڈہ متعصبانہ ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی اپوزیشن رہنماؤں سے خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی کی اپوزیشن رہنماؤں سے خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جانے والی رپورٹ میں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شہباز شریف ، خورشید شاہ اور نوید قمر سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی ان ملاقاتوں کو منظر عام پر نہیں لائے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پر کمیٹیوں کی تشکیل میں اپوزیشن کو فائدہ پہنچانے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

ان انکشافات پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے صورتحال سے آگاہ کرنا چاہا لیکن وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی سے ہٹانے اور شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بنانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے دو دھڑوں میں تقسیم ہونے کی خبریں موصول ہوئی تھیں۔ تاہم اب نعیم الحق نے اسد قیصر کے خلاف تمام خبروں کو محض پراپیگنڈہ قرار دے دیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں