پاکستان سعودی عرب کے درمیان اربوں ڈالرکے معاہدوں پردستخط

وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ون آن ون ملاقات، وفود کی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے معاہدوں اور ایم اویوزپر دستخط کیے گئے، ان شعبوں میں توانائی، بجلی ،صحت، کھیل ، سیاحت ،زراعت سمیت دیگر شعبے شامل ہیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 17 فروری 2019 22:11

پاکستان سعودی عرب کے درمیان اربوں ڈالرکے معاہدوں پردستخط
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 فروری2019ء) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعاون اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے معاہدوں اور ایم اویوزپر دستخط ہوگئے ہیں،وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ون آن ون ملاقات کی، اس موقع پر وفود کی سطح پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے معاہدوں اور ایم اویوزپر دستخط کیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔ ان شعبوں میں توانائی، بجلی ،صحت، کھیل ، سیاحت ،زراعت سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب گوادر میں10ارب ڈالر کی آئل ریفائنری لگائے گا۔

(جاری ہے)

گوادر تیل سپلائی کرنے کا مرکز بنے گا۔آئل ریفائنری کے قیام سے پاکستان کو 7ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔

اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو سعودی ولی عہد کا پاکستان میں فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ سعودی ولی عہد کا طیارہ پاکستان کی حدود میں داخل ہوا توایف 16اور جے ایف 17تھنڈرلڑاکا طیاروں نے شاہی طیارے کواپنے حصار میں لے لیا تھا، اور سعودی ولی عہد کے طیارے کو بحفاظت پروٹوکول کے ساتھ نورخان ایئربیس تک پہنچایا گیا، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی کابینہ کےارکان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا والہانہ ریڈ کارپٹ استقبال کیا، سعودی ولی عہد نے فرداً فرداً مصافحہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے اپنی کابینہ کے ارکان سے ان کا تعارف کروایا۔

وزیراعظم نے محمد بن سلمان سے ہاتھ ملایا تو سعودی ولی عہد نے عمران خان کو گلے لگا لیا۔ دیکھا جائے توسعودی ولی عہد عموماً جب بیرون ملک جاتے ہیں تو آمد پر اتنی زیادہ قربت نہیں دکھاتے۔ لیکن یہاں پاکستان میں سعودی ولی عہد مسلسل مسکرا رہے تھے اور ان کا انداز ایسا لگ رہا تھا جیسے عمران خان سے برسوں کا یارانہ ہے۔ سعودی ولی عہد کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔

سعودی ولی عہد نے پھولوں کے گلدستے پیش کرنے والے بچوں کو پیار کیا، وزیراعظم ہاؤس جانے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کی گاڑی خود ڈرائیو کی۔ سعودی ولی عہد کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر ثقافتی رقص بھی پیش کیا گیا۔ ثقافتی رقص میں پنجابی، سندھی، بلوچی ،پختون ، گلگت بلتستان ، کشمیری اور ہنزہ کے رنگ بھی نظر آئے۔

سعودی ولی عہد نے اپنے وفد کا وزیراعظم کو تعارف کروایا۔ سعودی ولی عہد کے دورے کے موقع پراسلام آباد کی سڑکوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا، سڑکوں پر پاکستانی اور سعودی عرب کے پرچم جبکہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ سعودی کنگ شاہ سلمان ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دیوہیکل تصاویر بھی آویزاں کی گئی ہیں۔ سعودی ولی عہد کے پاکستان میں خیرمقدم کیلئے بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔

سعودی ولی عہد کو نور خان ایئربیس سے وزیراعظم ہاؤس لے جایا جائے گا، جہاں سعودی ولی عہد کا شایان شان استقبال کیا جائے گا۔ سعودی ولی عہد کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنرز بھی پیش کیا جائے گا۔ سعودی ولی عہد کو وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائےگا۔ ایئرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان نے اپنی کابینہ کے ہمراہ سعودی ولی عہد کا استقبال کیا۔

سعودی ولی عہد کے ہمراہ ایک بڑا سرمایہ کاروں کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ سعودی عرب کے وزیرمملکت برائےامورخارجہ عادل الجبیربھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نورخان ایئربیس پرعادل الجبیرکا استقبال کیا۔ عادل الجبیرسعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے سلسلے میں پاکستان پہنچے ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

واضح رہے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو آج وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائے گا۔ سعودی ولی عہد وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات بھی کریں گے۔ سعودی ولی عہد دوسرے روز کل پیر کو صدر مملکت ، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔

جبکہ صدرمملکت عارف علوی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو نشان پاکستان عطا کریں گے۔ نشان پاکستان دینے کی تقریب بھی پیر کو ایوان صدرمیں ہو گی۔ تقریب میں حکومتی وزرا، عسکری قیادت اور دیگر شخصیات شرکت کریں گی۔ صدر عارف علوی پیر کو ہی سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ ایوان صدر کے ظہرانے میں سعودی ولی عہد کا 100 رکنی وفد شریک ہوگا۔ ظہرانہ میں وزراء اور اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا۔ سعودی ولی عہد ایوان صدر سے ہی واپس ایئرپورٹ روانہ ہوجائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں