سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی وزیراعظم عمران خان کے سامنے گذشتہ حکومت کی تعریف

گذشتہ سال پاکستان کا جی ڈی پی 5 فیصد بڑھا ۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 فروری 2019 11:03

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی وزیراعظم عمران خان کے سامنے گذشتہ حکومت کی تعریف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 فروری 2019ء) : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔ گذشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے ہی گذشتہ حکومت کی تعریف کر دی۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ گذشتہ سال 2018ء میں پاکستان کا جی ڈی پی 5 فیصد بڑھا۔

ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں پاکستان اہم ملک بننے جا رہا ہے۔ اور اسی لیے ہم اس میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پاکستان میں ایسی قیادت کا انتظار کر رہے تھے۔ پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ ہے، سعودی عرب پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان گذشتہ روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے۔ سعودی ولی عہد کا پاکستان میں فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ سعودی ولی عہد کا طیارہ پاکستان کی حدود میں داخل ہوا توایف 16اور جے ایف 17 تھنڈرلڑاکا طیاروں نے شاہی طیارے کواپنے حصار میں لے لیا تھا، اور سعودی ولی عہد کے طیارے کو بحفاظت پروٹوکول کے ساتھ نورخان ایئربیس تک پہنچایا گیا، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی کابینہ کےارکان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا والہانہ ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔

جس کے بعد شاہی مہمان کو وزیراعظم ہاؤس لے جایا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس جانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے خود شاہی مہمان کی گاڑی ڈرائیو کی۔ محمد بن سلمان کو وزیر اعظم ہاؤس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جبکہ مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو 21 توپوں کی سلامی دی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم ہاؤس میں یاد گاری پودا بھی لگایا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے اس تاریخی دورے کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے مابین 20 ارب ڈالرز کے معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا یہ دورہ پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پرپاکستان میں موجود ہیں جہاں آج اسلام آباد میں وہ مصروف ترین دن گزاریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں