سعودی ولی عہد کو پروقار تقریب میں نشان پاکستان نواز دیا گیا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو "نشانِ پاکستان" سے نوازا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 18 فروری 2019 14:47

سعودی ولی عہد کو پروقار تقریب میں نشان پاکستان نواز دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 فروری 2019ء) : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ایوان صدر پہنچ گئے ہیں۔دونوں رہنما روایتی بگھی پر سوار ہو کر ایوان صدر پہنچے۔ اس موقع پر انہیں شاندار پروٹوکول میں لے جایا گیا۔وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد بگھی پر بیٹھے خاصے خوشگوار موڈ میں نظر آئے اور خوش گپیوں میں بھی مصروف دکھائی دئیے۔

ایوان صدر پہنچے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد کا استقبال کیا۔ایوان صدر میں محمد بن سلمان کو گلدستہ پیش کیا گیا۔ایوان صدر میں محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ایوانِ صدر میں صدر مملکت اور محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی۔سعودی ولی عہد کو نشان پاکستان عطا کرنے کی پروقار تقریب ایوان صدر میں منعقد کی گئی ۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ایوان صدر میں ہی سعودی ولی عہد کو نشان پاکستان سے نوازا گیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ "نشانِ پاکستان" سے نوازا۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان ،حکومتی وزرا،عسکری قیادت اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔اس کے علاوہ تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی شرکت کی۔

ایوان صدر کے ظہرانے میں سعودی ولی عہد کا 100 رکنی وفد شریک ہوا، ظہرانہ میں وزراء اور اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا۔جب کہ اس سے قبل ۔ایوان صدر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور محمد بن سلمان کے مابین ملاقات ہوئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر بھی ملاقات میں موجود تھے۔اس کے علاوہ دو طرفہ ملاقات میں سعودی رہنما بھی موجود تھے۔ملاقات میں دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا،سعودی ولی عہد ایوان صدر سے ہی واپس ایئرپورٹ روانہ ہوجائیں گے۔ خیال رہے کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کو پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دورے کے دوران سعودی عرب کی جانب سےپاکستان کو امدادی پیکج دیا گیا جبکہ کئی منصوبوں میں تعاون اور متعدد منصوبوں کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں