وزیراعظم کا ولی عہد سےسوشل میڈیا پر قیدیوں کی خبروائرل ہونےکا ذکر

سوشل میڈیا پر قیدیوں کی خبر وائرل ہوگئی ہے،سوشل میڈیا وہ میڈیا نہیں کہ جس پر اگلے دن خبر آتی ہے، سوشل میڈیا پر خبرآدھے گھنٹے میں پوری دنیا میں پھیل جاتی ہے، وزیراعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد سے غیررسمی گفتگو، سعودی ولی عہد کا وزیراعظم کی بات سن کر حیرانگی کا اظہار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 18 فروری 2019 15:55

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 فروری 2019ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سعودی ولی عہد سے سوشل میڈیا پر قیدیوں کی خبر وائرل ہونے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اگلے دن خبر نہیں آتی ،سوشل میڈیا پر آدھے گھنٹے میں پوری دنیا میں پھیل جاتی ہے، سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کی بات سن کر حیرانگی کا اظہار کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوان صدر میں سعودی ولی عہد کے ظہرانے کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

صدر مملکت نے اپنی تقریر کے بعد محمد بن سلمان سے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر آپ کا شکریہ ادا کرنا بھول گیا تھا۔ اس لیے میں آپ کا بے حد مشکور ہوں۔ اسٹیج پر وزیراعظم عمران خان بھی ولی عہد کی نشست کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے غیررسمی گفتگو میں سوشل میڈیا پر قیدیوں کی خبر وائرل ہونے کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر قیدیوں کی خبر وائرل ہوگئی ہے۔سوشل میڈیا وہ میڈیا نہیں کہ جس پر اگلے دن خبر آتی ہے۔ سوشل میڈیا پر آدھے گھنٹے میں پوری دنیا میں پھیل جاتی ہے۔ مزید برآں آج یہاں ایوان صدر میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا قیام انتہائی اہم اقدام ہے۔

سعودی شاہ سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اورپاکستان کی دوستی مذہب اورثقافت پرمبنی ہے۔ سعودی عرب کی محبت پاکستان کےعوام کے دلوں میں ہے۔ ولی عہد کا دورہ دونوں ملکوں کی دوستی کومزید مضبوط کرے گا۔ سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے۔

پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے بے شمار مواقع ہیں۔ صدر مملکت نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے شمالی علاقوں کی سیاحت کی پیشکش کی۔آپ کو پاکستان کے شمالی علاقوں کی سیاحت سے بہت خوشی ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہماری حکومت کی سمت کرپشن کا خاتمہ، ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے۔سعودی عرب اور پاکستان تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدرپاکستان سے ملاقات میرے لیے اعزاز ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہورہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ سعودی عرب میں 20 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں کام کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی ہنرمند اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات مذہبی احترام کی بنیاد پر بھی ہیں۔ واضح رہے گزشتہ روز اتوار کوسعودی ولی عہد دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ سعودی ولی عہد کا شاندار استقبال کیا گیا۔ گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں ان کو گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے سمیت مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔ سعودی ولی عہد کو ایوان وزیراعظم میں عشائیہ بھی دیا گیا۔ سعودی ولی عہد اپنا دورہ مکمل کرکے آج واپس روانہ ہوجائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں