''را'' سمیت کئی دشمن ایجنسیوں نے سوشل میڈیا پرپاکستان کے خلاف محاذ کھول لیا

بھارت سے بعض دہشتگرد تنظیموں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی آپریٹ ہونے کا انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 فروری 2019 16:33

''را'' سمیت کئی دشمن ایجنسیوں نے سوشل میڈیا پرپاکستان کے خلاف محاذ کھول لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 فروری 2019ء) : بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' سمیت کئی دشمن ممالک نے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف محاذ کھول لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت سے بعض دہشتگرد تنظیموں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی آپریٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سوشل میڈیا کا ایک تھریٹ الرٹ جاری کیا۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری کیے جانے والے الرٹ میں بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیموں کے دہشتگرد سرگرم ہیں۔

دہشتگرد سوشل میڈیا کے ذریعے دہشتگرد تنظیموں میں بھرتی اور فنڈنگ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی لکھا ۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے 50 سرگرم کارکنوں کی فہرست بھی فراہم کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

جن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں پاکستان مخالف پوسٹ اور دیگر مواد موجود ہے ۔ جبکہ دہشتگرد تنظیموں کے کے کچھ ایسے بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیں جو بھارت سے آپریٹ کئے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کو بدنام کرنے کی کئی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔ بھارت ملک میں ہونے والے ہر دہشتگرد حملے اور کارروائی کا الزام بھی بغیر تحقیق کے پاکستان پر عائد کرتا آیا ہے۔ حال ہی میں بھارت پاکستان دشمنی میں اس قدر اندھا ہوگیا کہ پلوامہ حملے کا تمام تر الزام پاکستان پر عائد کر دیا۔ یہی نہیں بھارت نے ہٹ دھرمی کی تمام حدیں بھی پار کر دیں اور پاکستانی فلمسٹارز کے بھارتی فلموں میں کام کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی ۔

واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں اور دونوں ممالک نے اپنے اپنے سفیروں کو بھی واپس بُلا لیا۔قبل ازیں انتہا پسند تنظیم مہاراشٹرنونیرمان سینا کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کے بعد بھارتی میوزک کمپنی نے یوٹیوب سے پاکستانی گلوکاروں کےگانے بھی ہٹا دیے تھے۔ جبکہ کرکٹ کلب آف انڈیا میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی تصاویر کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا بطور کرکٹر پورٹریٹ کرکٹ کلب آف انڈیا کی عمارت میں نصب تھا جسے پلوامہ واقعہ کے بعد ہٹا دیا گیا تھا۔اس کے علاوہ بھارت میں پی ایس ایل کی نشریات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پلوامہ حملے میں 40 سے زائد بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں