سعودی ولی عہد کی جانب سے خو دکو پاکستان کا سفیر کہنااعزاز کی بات ہے، قید پاکستانیوں کی رہائی پر شکر گزار ہوں ،وزیراعظم

محمد بن سلمان پاکستان میں بہت مقبول ہیں ، آپ انتخابات میں کھڑے ہوں تو مجھ سے زیادہ ووٹ لینگے ،دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، میڈیا سے گفتگو پاکستان میں 2018 میں 5فیصد ترقی ہوئی،پاکستان کے پاس دنیا کی بڑی معیشت بننے کی اہلیت ہے، محمد بن سلمان آج کا دن روشن مستقبل کی شروعات ہے اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کررہا ہے، مشترکہ پریس کانفرنس

پیر 18 فروری 2019 18:37

سعودی ولی عہد کی جانب سے خو دکو پاکستان کا سفیر کہنااعزاز کی بات ہے، قید پاکستانیوں کی رہائی پر شکر گزار ہوں ،وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے خو دکو پاکستان کا سفیر کہنااعزاز کی بات ہے،سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی پر سعودی ولی عہد کا شکر گزار ہوں ،محمد بن سلمان پاکستان میں بہت مقبول ہیں ، آپ انتخابات میں کھڑے ہوں تو مجھ سے زیادہ ووٹ لینگے ،دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

پیر کو ولی عہد محمد بن سلمان نے وطن واپسی سے قبل ائیر پورٹ پر وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے خود کو پاکستان کا سفیر کہنا اعزاز کی بات ہے اور سوشل میڈیا پر محمد بن سلمان کے بیان کو بے حد سراہا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی پر سعودی ولی عہد کا شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب کی جیلوں میں قید زیادہ تر لوگ مزدور تھے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان نے ان لوگوں کو نوکریاں نہیں دیں جس کی وجہ سے وہ لوگ سعودی عرب گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان میں بہت مقبول ہیں اور اگر آپ یہاں انتخابات میں کھڑے ہوں تو مجھ سے زیادہ ووٹ لیں گے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق وسعت اختیار کررہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

اس موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ پاکستان میں 2018 میں 5فیصد ترقی ہوئی،پاکستان کے پاس دنیا کی بڑی معیشت بننے کی اہلیت ہے۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان جیواسٹریٹیجک اعتبار سے اہم ملک ہے، آج کا دن روشن مستقبل کی شروعات ہے اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کررہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان دنیا کی بیس بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پڑوس میں دو بڑی معیشت ہیں، ایک طرف چین اور ایک طرف بھارت ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان ان دونوں ہمسایوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اہلیت رکھتا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان آئندہ سالوں میں بڑی معیشت بن کر ابھرے گا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں جو معاہدے ہوئے ہیں وہ صرف شروعات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات بہت آگے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں