شہبازشریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد

ای سی ایل میں نام ڈالنے کیلئے سمری تیار ‘جلد منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیجی جائے گی. ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 فروری 2019 12:23

شہبازشریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 فروری۔2019ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے. ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایت پر شہبازشریف کا نام عبوری فہرست میں ڈال دیا گیا ہے،فہرست میں شامل افراد کے 30 دن کیلئے بیرون ملک جانے پر پابندی ہوتی ہے جبکہ وزارت داخلہ نے شہبازشریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کیلئے سمری تیار کرلی جو وفاقی کابینہ کو بھیجی جائے گی.

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف پر بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی گئی اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر شہباز شریف کا نام عبوری قومی شناختی فہرست میں شامل کرلیاگیا ہے، فہرست میں شامل افراد کے 30 دن کیلئے بیرون ملک جانے پر پابندی ہوتی ہے. ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کیلئے سمری تیار کرلی ہے، ان کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کیلئے سمری وفاقی کابینہ کو بھیجی جائے گی، شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے تک عبوری قومی شناختی فہرست میں رہے گا.

گذشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کرتے ہوئے مراسلہ بھیج دیا تھا، مراسلے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شہباز شریف کا نام آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس پر ای سی ایل میں ڈالا جائے. یاد رہے کہ اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کے بیٹوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں.

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کو 5 اکتوبر 2018 کو گرفتار کیا، جس کے بعد 14 فروری کو لاہور ہائی کورٹ شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا. خیال رہے کہ آشیانہ ہاﺅسنگ کیس میں شہباز شریف اور فواد حسن فواد سمیت 10 ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی گئی جبکہ نیب نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس دائر کر دیا ہے. نیب ریفرنس میں کہا گیا شہباز شریف نے بہ طور وزیر اعلیٰ اختیارات کا نا جائز استعمال کیا، رمضان شوگر ملز کے لیے دس کلو میٹر طویل نالہ بنوایا، جس سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچا.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں