این اے 91 سرگودھا میں دو بارہ گنتی کے حکم کے خلاف اپیل پر سماعت

امیدوار نے خود جوا کھیلا، دوبارہ ووٹنگ میں ہار گئے توسپریم کورٹ میں اعتراض کر رہے ہیں. عدالت عظمیٰ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 فروری 2019 12:41

این اے 91 سرگودھا میں دو بارہ گنتی کے حکم کے خلاف اپیل پر سماعت
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 فروری۔2019ء) این اے 91 سرگودھا میں دو بارہ گنتی کے حکم کے خلاف اپیل پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا ہے. تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں این اے 91 سرگودھا میں دو بارہ گنتی کے حکم کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی. عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا.

جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ کیا کیا حلقے میں دوبارہ گنتی ہو گئی؟ جس پر ذوالفقار بھٹی کے وکیل نے جواب دیا کہ دوبارہ گنتی کا عمل مکمل نہیں ہوسکا.

(جاری ہے)

وکیل نے بتایا کہ دوبارہ گنتی میں سامنے آیا پولنگ بیگز سے چھیڑ چھاڑ کی گئی، پولنگ بیگز کھلے ہونے کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی. ذوالفقار بھٹی کے وکیل نے کہا کہ ریکارڈ میں تبدیلی کے شواہد پر20 پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا، حلقے میں دوبارہ پولنگ کے نتیجہ کا اعلان ہوچکا، اب صرف کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری ہونا ہے.

عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ کیا ذوالفقار بھٹی نے دوبارہ پولنگ میں حصہ لیا؟سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ دوبارہ پولنگ میں حصہ لے کر ذولفقار بھٹی نے خود جوا کھیلا، دوبارہ ووٹنگ میں ہار گئے توسپریم کورٹ میں اعتراض کر رہے ہیں. عدالت عظمیٰ نے اسفتسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن 60 دن بعد دوبارہ الیکشن کا حکم دے سکتا ہے؟ الیکشن کمیشن کے اختیار کو مان لیا تو پھر ٹربیونل کیا کریں گے؟.

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ چاہیں تو الیکشن کے نتیجے کو ٹربیونل میں چیلنج کریں. سپریم کورٹ نے دوبارہ انتخابات کے خلاف حکم امتناع کی ذوالفقار بھٹی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی‘ عدالت عظمیٰ نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو بھی طلب کرلیا ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں