وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بھارت کی پانی روکنے کی دھمکی کو بچگانہ قرار دے دیا

بھارت سے تو اپنا پانی نہیں سنبھالا جاتا یہ پاکستان کے حصے کا پانی کیسے روکیں گے۔فیصل واوڈا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 21 فروری 2019 23:26

وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بھارت کی پانی روکنے کی دھمکی کو بچگانہ قرار دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 فروری2019ء) وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بھارت کی پانی روکنے کی دھمکی کو بچگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سے تو اپنا پانی نہیں سنبھالا جاتا یہ پاکستان کے حصے کا پانی کیسے روکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بزدل مودی سرکار فوجی محاذ پر تو پاکستان کیخلاف کچھ نہیں کر سکتے، تاہم اب بھارت نے دیگر محاذوں پر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

مودی سرکاری کے وزیر برائے آبی ذخائر کی جانب سے پاکستان کو سنگین دھمکی دی گئی ہے۔ مودی سرکار کے وزیر برائے آبی ذخائر نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستانی دریاوں کا پانی بند کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ مودی سرکار نے سندھ طاس اور دیگر عالمی معاہدوں کی کھلم کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی دریاوں کے پانی کا رخ موڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کے تین دریاوں کے پانی کا رخ موڑ دے دی۔ بھارت پاکستان کے تین دریاوں کے پانی کا رخ موڑ کر اسے جمنا کی جانب لے جانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ بھارتی سرکاری پاکستان کے دریاوں کا پانی بھارتی پنجاب اور دیگر علاقوں کو دینے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ بھارتی سرکار یہ تمام منصوبے عالمی معاہدوں اور قوانین کی خلاف ورزی کے تحت بنا رہی ہے۔

اس پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی انڈس واٹرکمشنر کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سےپاکستانی دریا ؤں کاپانی روکنےکی اطلاع نہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کے مطابق بھارت پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا ۔انکا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایسے کئیے جانے پر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔اس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے دریاوں کا پانی روکنے کی باتیں بچگانہ باتیں ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ بھارت سے تو اپنا پانی نہیں سنبھالا جاتا یہ پاکستان کے حصے کا پانی کیسے روکیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کا ایڈونچر کیا گیا تو ایسا جواب دیں گے کہ بھارت کی کئی نسلیں پاکستان کے ردعمل کو یاد کریں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں