آلو کی فصل میں نقصان اوکاڑہ میں3کسان صدمے سے ہلاک ہوچکے ہیں:قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا انکشاف

کسان کو ایک کلو آلو کے 2 روپے ملتے ہیں، جبکہ اس مرتبہ فصل پر 8 روپے فی کلو لاگت آئی ہے. راﺅ اجمل خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 22 فروری 2019 12:31

آلو کی فصل میں نقصان اوکاڑہ میں3کسان صدمے سے ہلاک ہوچکے ہیں:قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا انکشاف
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 فروری۔2019ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین راﺅ اجمل نے انکشاف کیا ہے کہ آلو کے کاشتکار وں کا بہت برا حال ہے، حکومت کوئی حل نہیں نکال رہی، نقصان اتنا زیادہ ہوا ہے کہ 3 ہفتوں میں ضلع اوکاڑہ میں 3 کسان صدمے سے جاں بحق ہو گئے ہیں. قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نیشنل فوڈ سیکورٹی کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی راﺅ اجمل خان نے آلو کے کاشت کاروں کی زبوں حالی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ کسان کو ایک کلو آلو کے 2 روپے ملتے ہیں، جبکہ اس مرتبہ فصل پر 8 روپے فی کلو لاگت آئی ہے.

راﺅ اجمل خان نے بتایا کہ ان تین کسانوں نے جو اس صدمے کو برداشت نہیں کر سکے ٹریکٹر اور بھینس بیچ کر فصل کا شت کی تھی.

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان کہتے ہیں کہ آلو کے کاشتکاروں کی حالت زار سے وزیر اعظم عمران خان کو آگاہ کر چکا ہوں، معاملہ کابینہ میں بھی اٹھاﺅں گا،پاکستان ٹماٹر کی پیداوار میں خود کفیل ہے، بھارت سے ٹماٹر درآمد ہی نہیں کرتے.

وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ آلو کی قیمت گرنے کی بڑی وجہ فصل کی ریکارڈ پیداوار ہے، حکومت کو اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے خاص مقدار میں آلو خریدنا چاہیے، اس مرتبہ جتنا آلو پیدا ہوا ہے، تاریخ میں نہیں ہوا، آلو کی 46لاکھ ٹن فصل ہوئی. وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ٹماٹر کی پیداور میں خود کفیل ہے، بھارت سے ٹماٹر منگواتے ہی نہیں،ان کی طرف سے برآمد روکنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، کسی کو بھی بھارت سے ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت ہی نہیں دی گئی ہے، اگر ٹماٹر وہاں سے آتا ہے تو غیر قانونی ہے.

وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے باعث آلو کی برآمد میں مسائل پیدا ہوئے، پاکستان سے آلو سب سے زیادہ روس اور وسط ایشیائی ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے، چین اور جنوبی کوریا سے بھی بات چل رہی ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں