کابینہ کی سمری موصول ہوتے ہی شہباز شریف کا نام ای سی ایل ر ڈال دیا جائیگا، وزارت داخلہ

شہباز شریف کا نام آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر عبوری قومی شناختی فہرست میں ڈال دیا گیا تھا، ذرائع

جمعہ 22 فروری 2019 14:50

کابینہ کی سمری موصول ہوتے ہی شہباز شریف کا نام ای سی ایل ر ڈال دیا جائیگا، وزارت داخلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) وزارت داخلہ کے ذرائع نے کہا ہے کہ کابینہ کی سمری موصول ہوتے ہی مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈال دیا جائے گا۔ ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق توقع ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان کسی بھی وقت کابینہ کہ سمری موصول ہو جائے گی جس کے بعد شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 19 فروری کو وزارت داخلہ کی ہدایت پر شہباز شریف کا نام آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر پی آئی این ایل یعنی عبوری قومی شناختی فہرست میں ڈال دیا گیا تھا جس کے بعد وہ آئندہ 30 روز کے دوران بیرون ملک نہیں جاسکتے۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے تک عبوری قومی شناختی فہرست میں رہے گا، اس سے قبل نیب نے 15 فروری کو شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کو 5 اکتوبر 2018 کو گرفتار کیا اور کئی بار جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے باوجود ان کے خلاف چالان پیش نہ کرسکا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں 14 فروری کو 2 کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں