ملک ریاض آئندہ محتاط رہیں ،سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کے مالک کیخلاف توہین عدالت کیس کا تحریری فیصلے جاری کر دیا

ملک ریاض نے 2 مرتبہ عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی جس پر ان کی معافی قبول کرتے ہوئے معاملہ نمٹایا جاتا ہے، عدالت عظمیٰ

ہفتہ 23 فروری 2019 19:33

ملک ریاض آئندہ محتاط رہیں ،سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کے مالک کیخلاف توہین عدالت کیس کا تحریری فیصلے جاری کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے خلاف توہین عدالت کیس کا تحریری فیصلے جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا، جس میں کہا گیا کہ ملک ریاض کے مطابق پریس کانفرنس میں عدلیہ کی توہین نہیں کی گئی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار پر الزامات لگائے گئے۔عدالت نے فیصلے میں تحریر کیا کہ ملک ریاض نے 2 مرتبہ عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی جس پر ان کی معافی قبول کرتے ہوئے معاملہ نمٹایا جاتا ہے۔عدالت نے کہاکہ ملک ریاض کو مستقبل میں محتاط رہنے کی بھی ہدایت کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 21 فروری کو بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض نے سپریم کورٹ میں تحریری معافی نامہ جمع کرایا تھا، جس پر عدالت نے ملک ریاض کے خلاف توہین عدالت کیس کی کارروائی ختم کردی تھی۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سپریم کورٹ میں ارسلان افتخار اور ملک ریاض کے درمیان بزنس ڈیل معاملے پر سماعت کی تھی۔دوران سماعت ملک ریاض کے وکیل نے توہین عدالت کے حوالے سے اپنے موکل کا تحریری معافی نامہ جمع کرایا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنس پر معذرت خواہ ہوں، تہہ دل سے عدالت سے معافی چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا تھا کہ میں اپنا علاج ملتوی کرکے عدالت میں پیش ہوا ہوں، اپنے اقدام کا کوئی جواز پیش نہیں کرنا چاہتا، اس لیے میری معافی کو قبول کی جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں