اسلام آباد کی فضائی حدود 19سے23 مارچ تک بند رہے گی

فضائی حدود 19سے23 مارچ تک روزانہ مخصوص گھنٹوں کے لیے بند رکھی جائے گی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 18 مارچ 2019 20:13

اسلام آباد کی فضائی حدود 19سے23 مارچ تک بند رہے گی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ 2019ء) اسلام آباد کی فضائی حدود 19سے23 مارچ تک بند رہے گی،یومِ پاکستان کی تیاریوں کی وجہ سے ان دنوں کے دوران روزانہ فضائی حدود مخصوص گھنٹوں کے لیے بند رکھی جائے گی۔ انتظامیہ کے مطابق 23مارچ کو یومِ پاکستان کے حوالے سے ہونے والی پریڈ کی تیاری کے لیے21،20 اور22مارچ کو فضائی حدود صبح 8 سے 12 اور دوپہر2 سے 4 بجے تک بند رکھی جائے گی۔

ان گھنٹوں کے دوران فضائیہ کے جہاز پریڈ کی ریہرسل کریں گے، پاک فضائیہ کے ساتھ چین کے جہاز بھی پریڈ میں حصہ لینے کے لیے اتوار کے روز پاکستان پہنچ چکے ہیں، یہ جہاز بھی یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس کے علاوہ ترکی کے جہاز بھی پریڈ میں حصہ لیں گے۔ ان طیاروں کی ریہرسل کے لیے اسلام آباد کی فضائی حدود مخصوص گھنٹوں کے لیے بند رہے گا۔

(جاری ہے)

23مارچ کو یومِ پاکستان کے روز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک شہر کی فضائی حدود بند رہے گی۔ ان دنوں میں شہر میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر بھی پابندی ہو گی اور پتنگ بازی اور کبوتر بازی بھی نہیں کی جا سکے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان ہر سال 23مارچ کے روز یومِ پاکستان مناتا ہے اور اس سال بھی اس تقریب کو جوشِ و جزبے کے ساتھ منائے جانے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

اس تقریب میں دنیا بھر سے معزز شخصیات شرکت کریں گی، پاکستان کے وزیر اعظم، صدر، تمام افواج کے سربراہان اوردوسرے ممالک کے سفراء بھی اس تقریب میں شریک ہوں گے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ملائیشیا کے صدر ڈاکٹرمہاتیرمحمد ہوں گے جو کہ خصوصی طور پر تین روزہ دورے کے لیے پاکستان آرہے ہیں۔ مہاتیر محمد وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ انتظامیہ کے مطابق پریڈ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں